عظمیٰ نیوزسروس
جموں//وزیراعلیٰ عمر عبداللہ نے سول سیکرٹریٹ میں منعقدہ ایک میٹنگ میں جموں ضلع کے عوامی نمائندوں کے ساتھ پری بجٹ مشاورت کی صدارت کی۔میٹنگ میں وزیر ستیش شرما، چیف سیکرٹری اتل ڈلو، وزیر اعلیٰ کے ایڈیشنل چیف سیکرٹری دھیرج گپتا، پرنسپل سیکرٹری فائنانس سنتوش دی ویدیا، چیئرمین ضلع ترقیاتی کونسل جموں، اور جموں ضلع سے ممبران قانون ساز اسمبلی نے ذاتی طور پر یا بذریعہ ویڈیو کانفرنسنگ شرکت کی۔وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے عوامی نمائندوں سے خطاب کرتے ہوئے بجٹ سازی کے عمل میں منتخب نمائندوں کی شمولیت کی اہمیت پر زور دیا تاکہ عوام کی ضروریات اور اُمنگوں کی مناسب عکاسی ہو سکے۔اُنہوں نے کہا، ’’ہم اَپنے دفاتر میں بجٹ کا مسود ہ تیار کرسکتے تھے لیکن ہم منتخب نمائندوں سے مشاورت کر رہے ہیں تاکہ لوگوں کی ضروریات اور خواہشات کو بجٹ میں شامل کیا جا سکے۔‘‘اُنہوں نے تسلیم کیا کہ عوامی نمائندے زمینی حقائق سے بخوبی واقف ہوتے ہیں کیوں کہ وہ اِنتخابی مہم کے دوران عوام سے براہِ راست جُڑے رہتے ہیں۔وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے کہا،’’اِنتخابی مہم کے دوران آپ نے اپنے حلقوں کا سفر کیا اور عوام سے ملاقات کی۔ آپ ان کے مسائل اور مطالبات سے بخوبی آگاہ ہیں کیوں کہ آپ براہِ راست ان کے ساتھ جُڑے ہیں۔ اسی لئے میں نے آپ کے ساتھ یہ مشاورت کرنے کا فیصلہ کیا۔‘‘اُنہوں نے یقین ظاہر کیا کہ یہ مشاورت بجٹ کی تشکیل میں اہم کردار ادا کرے گی اور عوام کے بنیادی مسائل کے حل میں مددگار ثابت ہوگی۔ دورانِ مشاورت چیئرمین ڈِی ڈِی سی جموں اور ممبران قانون ساز اسمبلی نے اپنے حلقوں کے مختلف مسائل اور مطالبات پیش کئے جن میں آبپاشی کے نظام کی بہتری اور کئی علاقوں میں صاف پینے کے پانی کی فراہمی کو یقینی بنانے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔متعدد نمائندوں نے سڑکوں کی خستہ حالی، پُلوں کی تعمیر اور مجموعی طور پر بنیادی ڈھانچے کی بہتری پر تشویش کا اظہار کیا ۔ بات چیت میں صحت عامہ کی بہتری اور نئے تعلیمی اداروں کی تعمیر جیسے اہم معاملات بھی شامل تھے۔مزید برآں، نمائندوں نے شہری اور نیم شہری علاقوں میں نکاسی آب اور سیوریج کے مسائل کا اِظہار کیا اور جدید نکاسی آب نظام کی ضرورت پر زور دیا تاکہ پانی جمع ہونے اور صفائی کے مسائل سے بچا جا سکے۔منشیات کے بڑھتے ہوئے اِستعمال پر بھی شدید تشویش کا اظہار کیا گیا۔ نمائندوں نے ڈی ایڈکشن سینٹروںکے قیام،بیداری مہمات، اور سخت قانون عملانے کے اقدامات کی ضرورت پر زور دیا۔کئی اراکین نے کھیلوں کے بنیادی ڈھانچے کی ترقی کا مطالبہ کیا جس میں سٹیڈیم، کھیل کے میدان، اور تربیتی مراکز کی تعمیر شامل تھی تاکہ نوجوانوں کو کھیلوں میں حصہ لینے کے زیادہ مواقع مل سکیں۔سیاحتی ترقی بھی ایک اہم موضوع رہا، جہاں مقامی سیاحتی مقامات کے فروغ، سیاحوں کی سہولیات میں بہتری اور نئے سیاحتی سرکٹس بنانے کی تجاویز پیش کی گئیں تاکہ مقامی معیشت کو فروغ دیا جا سکے۔عوامی نمائندوں نے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کا شکریہ ادا کیا کہ اُنہوں نے پر ی بجٹ مشاورت کا آغاز کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ پہلا موقع ہے جب انہیں بجٹ سازی کے عمل میں براہِ راست شامل کیا گیا ہے۔اُنہوں نے حکومت کے جامع اور شمولیتی نقطہ نظر کی سراہنا کی جس نے انہیں اپنے حلقوں کی ضروریات کو براہ راست پیش کرنے کا موقع فراہم کیا۔ اُنہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ ان کے مسائل اور مطالبات بجٹ کی تیاری میں شامل کئے جائیں گے۔اِس سے قبل ضلع ترقیاتی کمشنر جموںنے اراکینِ اسمبلی سے موصول ہونے والی آرأ کی بنیاد پر ایک تفصیلی سیکٹر وائز ترقیاتی تجویز پیش کی جس میں دیہی و شہری ترقی، عوامی کام، آبپاشی، صحت عامہ، تعلیم اور سماجی بہبود کے مختلف شعبے شامل تھے۔سیلاب سے بچائو کے اَقدامات، زیرِ زمین پانی کے تحفظ اور محکمہ جل شکتی کو مضبوط بنانے پر خصوصی توجہ دی گئی تاکہ پانی کی قلت جیسے مسائل سے نمٹا جا سکے۔