جموں//گورنر کے مشیر کے کے شرما نے کہا ہے کہ عوامی شکایات کا بروقت ازالہ کرنے کے لئے ایک جامع اور موثر لائحہ عمل اپنایا جارہا ہے۔مشیر موصوف کنونشن سینٹر کنال روڈ جموں میں عوامی وفود سے بات چیت کررہے تھے جو اپنے مسائل ان کی نوٹس میں لانے کیلئے ان سے ملنے آئے تھے۔اس موقعہ پر بجلی ، صحت عامہ ، مکانات و شہری ترقی ، مال محکموں اور صوبائی انتظامیہ کے اعلیٰ افسران موجود تھے۔450افراد پر مشتمل 46 وفود نے اپنی شکایات اور مطالبات مشیر موصوف کے سامنے رکھے۔ڈوڈہ ڈسٹرکٹ کے پنشیا بلاک کے ایک وفد نے علاقے میں بینک کی ایک شاخ کھولنے کا مطالبہ کیا۔ٹاکی پورہ شوپیاں کے ایک وفد نے عوامی نوعیت کے کئی مطالبات مشیر کے سامنے رکھے۔محکمہ صحت عامہ میں کام کر رہے انجینئروں کے ایک وفد نے کپسٹی بلڈنگ کے انعقاد کی مانگ کی۔شکتی نگر کے ایک وفد نے علاقے سے توپ شیر خان تک جانے والی سڑک کی تعمیرو تجدید کا مطالبہ کیا۔مہور سے آئے ایک وفد نے صحت عامہ ، تعمیرات عامہ اور بجلی محکموں سے جڑے اپنے مطالبات کو پورا کرنے کی مانگ کی۔آنگن واڑی ورکروں کے ایک وفد نے ان کے مشاہرے میں اضافہ کئے جانے کا مطالبہ کیا۔چھنی راما کے عوامی وفد ، میونسپل کمیٹی دیوسرکے ممبران ، جموں وائن ٹریڈرس ایسو سی ایشن ،تالاب کھٹیکاں کے وفد ، بسنت گڑھ کے عوامی وفود نے بھی اپنے مطالبات مشیر کے سامنے رکھے۔اِس دوران رام گڈھ سانبہ ، پاڈر کشتواڑ ، بھلیسہ ڈوڈہ ،پلک محلہ جموال بسوہلی،کٹھوعہ ، رام نگر اور دیگر کئی علاقوں سے آئے کئی وفود نے بھی اپنے مسائل مشیر موصوف کے سامنے رکھتے ہوئے ان کے حل میں موصوف کی مداخلت طلب کی۔کے کے شرما نے اُن سے ملنے وآئے تمام وفود اور افراد کے مطالبات غور سے سنے ۔ انہوں نے یقین دلایا کہ ان مسائل کو حل کرنے کے لئے انہیں متعلقہ محکموں کوبھیجا جائے گا۔