عوامی خواہشات کو پورا کرنا میری ذمہ داری :التجا مفتی

عظمیٰ نیوز سروس

سرینگر //پی ڈی پی صدر محبوبہ مفتی کی بیٹی اوربجبہاڑہ حلقہ انتخاب کی نامزد امیدوار التجا مفتی نے کہا ’’میری ذمہ داری جموں و کشمیر کے عوام کو محفوظ اور با وقار محسوس کرانا ہے ‘‘۔انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر کے لوگ فکر مند ہیں کہ وہ اپنی زمین اور نوکریوں سے محروم ہو جائیں گے لیکن ان کی خواہشات کو پورا کرنا ہماری ذمہ داری ہے‘‘۔ایک میڈیا انٹرویو میں التجا مفتی نے کہا کہ یہ ان کی ذمہ داری ہے کہ وہلوگوں کو محفوظ اور باوقار محسوس کرائیں۔انہوں نے کہا ’’ یہاں کے نوجوان بے روزگار ہیںاور قیمتیں بڑھ رہی ہیں۔ لہٰذا یہ میری ذمہ داری ہے کہ میں انہیں امید اور تحفظ فراہم کروں۔ لوگوں کو خود کو محفوظ اور باوقار محسوس کرنا چاہئے۔ وہ اپنی زمینوں اور ملازمتوں سے محروم ہونے کی وجہ سے عدم تحفظ کا شکار ہیں‘‘۔یہ پوچھے جانے پر کہ کیا لوگ سمجھتے ہیں کہ دفعہ 370 کی منسوخی پی ڈی پی کی وجہ سے ہوئی ہے، انہوں نے کہا’’یہاں کے لوگ پی ڈی پی سے محبت کرتے ہیں۔ یہ ایک غلط اور گمراہ کن بیان ہے‘‘۔پی ڈی پی امیدوار نے نیشنل کانفرنس کے نائب صدر عمر عبداللہ پر بھی طنز کیا جنہوں نے اپنی والدہ محبوبہ مفتی پر جموں و کشمیر میں تباہی اور بربادی کے سوا کچھ نہیں لانے کا الزام لگایا تھا۔انہوں نے کہا ’’وہ ابھی تناؤ میں ہیں۔ وہ دو حلقوں سے الیکشن لڑ رہے ہیں۔ اسے سنجیدگی سے نہ لیں ‘‘۔