سرینگر//حلقہ انتخاب بیروہ عوامی وفود اور پارٹی عہدیداران نے آج نیشنل کانفرنس کارگذار صدر عمر عبداللہ اورممبراسمبلی بیروہ کے ساتھ پارٹی ہیڈکوارٹر نوائے صبح کمپلیکس میں ملاقی ہوئے۔ اس دوران تعمیر و ترقی کے کاموں کے علاوہ پارٹی سرگرمیوں اور پروگراموں اور لوگوں کو درپیش مسائل و مشکلات کے بارے میں بھی تبادلہ خیالات کیا گیا۔ ماگام سے آئے ہوئے وفد کی طرف سے بجلی ٹرانسفامر کی مانگ کو پورا کرتے ہوئے عمر عبداللہ نے ماگام مارکیٹ میں بجلی ٹرانسفارمر نصب کرنے کیلئے اپنے 4لاکھ روپے دینے کا اعلان کیا۔ عمر عبداللہ نے کہا کہ لوگوں کی خدمت کرنا، عوامی مشکلات دور کرنا اور عوامی مسائل اُجاگر کرنا نیشنل کانفرنس کا منشور رہا ہے جس پر ہم سختی سے کاربند ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حلقہ انتخابات بیروہ کی ہر لحاظ میں تعمیر و ترقی میرا مشن ہے اور اللہ کے فضل و کرم اور عوامی اشتراک سے میں تمام وسائل بروئے کار لاکر اس مشن کو عملی جامہ پہنانے میں لگا ہوا ہوں۔ عمر عبداللہ نے تعمیر و ترقی کو صحیح ڈھنگ میں انجام دینے میں پارٹی عہدیداروں اور کارکنوں کے علاوہ لوگوں کا اشتراک بھی طلب کیا۔ وفود نے علاقے کے لوگوں کو درپیش مسائل و مشکلات خا ص کر بجلی اور پینے کے پانی کی قلت کے بارے میں شکایات کیں۔ عمر عبداللہ نے انہیں یقین دلایا کہ وہ ان مسائل و مشکلات کو متعلقہ حکام کی نوٹس میں لاکر سدباب کرانے کی ہر ممکن کوشش کی جائے گی۔اس موقع پر عمر عبداللہ کے سیاسی صلح کار تنویر صادق اور کئی عہدیداران بھی موجود تھے۔