عظمیٰ نیوز سروس
جموں//حکومت نے شکایات کے ازالے اور عوامی خدمات کی فراہمی کو بڑھانے کے لیے وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ کے تحت چیف منسٹر پبلک سروسز اینڈ آٹ ریچ آفس قائم کرنے کو منظوری دیدی۔عمومی انتظامی محکمہ کے کمشنر سیکریٹری کی جانب سے جمعرات کو جاری آرڈر کے مطابق شکایات کے ازالے کا شعبہ (رابطہ) شکایات کے فوری ازالے پر توجہ دے گا اور علاقائی اور ضلعی دفاتر کی کارکردگی کا جائزہ لے گا تاکہ عوامی خدمات کی فراہمی اور شکایات کے حل کو یقینی بنایا جا سکے۔حکم نامہ کے مطابق عوامی رابطہ عامہ کا شعبہ شہریوں کے ساتھ رابطہ پروگراموں کے ذریعے رابطہ کرے گا، عوامی خدمات کی گارنٹی ایکٹ کی نگرانی کرے گا، حکومت کے اقدامات کی جانچ کرے گا اور عوامی خدمات میں بہتری کے لیے تجاویز دے گا۔دفتر کی اہم خصوصیات میں ایک آن لائن شکایات پورٹل شامل ہوگا، جس کے ذریعے شہری شکایات کو رجسٹر، ٹریک اور حل کیا جائے گا، اور اگر شکایات کا فوری ازالہ نہ ہو سکا تو انہیں اعلیٰ حکام تک پہنچایا جائے گا۔ انفارمیشن ٹیکنالوجی محکمہ نے موجودہ سمدھان پورٹل میں شکایات کے ازالے کیلئے ایک ونڈو شامل کرنے کا عمل شروع کر دیا ہے، جسے 15 دنوں میں مکمل کرنے کا ہدف رکھا گیا ہے۔اس کے علاوہ، آفس شہریوں سے آن لائن اور آف لائن دونوں طریقوں سے تاثرات جمع کرے گا اور حکومت کی خدمات اور انتظامیہ میں بہتری کے لیے تجاویز فراہم کرے گا۔ آفس ایک ہائبرڈ مواصلاتی طریقہ اختیار کرے گا، جس میں آن لائن پلیٹ فارم جیسے پورٹل، سوشل میڈیا اور ہیلپ لائنز کے ساتھ ساتھ ضلعی سطح پر عوامی ملاقاتوں اور روابط کو بھی شامل کیا جائے گا۔آفس کے عملے اور دیگر عملیاتی تفصیلات کو وزیر اعلیٰ کے سیکریٹریٹ کی طرف سے حتمی شکل دی جائے گی۔