سرینگر//پشتنی باشندگی سرٹفکیٹ کے حصول میں طریقہ کار کی تبدیلی کے معاملے پر اٹھے تنازعے کی شدت کو کم کرنے کیلئے گورنر ستیہ پال ملک نے نیشنل کانفرنس لیڈر اور سابق وزیراعلیٰ عمر عبداللہ کے مکتوب کا جواب دیا ہے اور انہیں ان خدشات کے بارے میں ان کے ساتھ ذاتی طور تبادلہ خیال کرنے کی دعوت دی ہے ۔گورنر موصوف نے پہلے سے تنازعے کا شکار بنی فیکس میشین ٹھیک ہونے کا بھی دعوی کیا ۔اتوار کی شام کو گورنر ستیہ پال ملک نے عمر عبداللہ کے مکتوب کا تفصیلی جواب دیتے ہوئے کہاکہ پشتنی باشندگی سند کے حصول کے طریقہ کار کو سہل بنانے کیلئے کچھ انتظامی تبدیلیاں کی گئی ہیں جبکہ اس قانون میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے جس سے اس ایکٹ کی اصلیت پر کوئی حرف آئے ۔گورنرنے لکھا کہ ’’میں آپ کو یہ واضح کردینا چاہتا ہوں کہ ان قواعد میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے جو کہ پشتنی باشندگی سرٹفکیٹ کے حصول کیلئے پہلے سے وضع ہیں ۔انہوں نے کہاکہ ایک وسیع بحٖث و مباحثے کے بغیر ان قواعد میں کسی بھی صورت میں تبدیلی نہیں لائی جاسکتی ہے ۔گورنر کہاکہ میری معلومات کی رو سے پشتنی بانشدگی سند کے حصول کیلئے وضع کردہ قواعد میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے تاہم آپ کے خط میں جو خدشات ابھارے گئے ہیں ،ان کے حوالے سے میں آپ کو یقین دلاتا ہوں کہ پشتنی باشندگی اسناد کی اجرائی کیلئے وضع طریقہ کار میں کوئی تبدیلی نہیں لائی جائے گی ۔عمر عبداللہ کو بھیجے گئے جواب میں گورنر ستیہ پال ملک نے کہاکہ پشتنی باشندگی سرٹفکیٹ کی عرضی جموں وکشمیر پبلک سروس گارنٹی ایکٹ2011کے دائرے میں آتا ہے ۔اس قانون کے مطابق پی آر سی کا حصول ریاست کے جائز پشتنی باشندے کو 30ایام میں ملنی چاہئے ۔یہ دیکھا گیا ہے کہ کئی جائز درخواستیں غیر ضروری تاخیر کے شکار ہیں اور یہ بھی شکایات موصول ہوتی رہتی ہیں کہ ان اسناد کی اجرائی میں مختلف طریقہ کار کے وجوہات کی بناپر تاخیر ہوتی ہے ۔اس تناظر میں ان اسناد کی آسان اجرائی کیلئے مجھے یقین ہے کہ محکمہ مال نے کئی دوسروں سے تاثرات چاہے ہیں ۔یہ ایک معمول کا انتظامی معاملہ ہے اور اس میں غیرضروری مطلب نہیں نکالا جانا چاہئے ۔گورنر نے عمر عبداللہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ ایک سینئر سیاسی لیڈر ہونے کے ناطے میں آپ سے درخواست کروں گا کہ آپ بعید از حقائق رپورٹس پر کان نہ دھریں ۔درحقیقت آپ اس بات کے مکلف ہیں کہ آپ عوام میں پھیلائے جارہے غیر ضروری بد اعتمادی کا تدارک کریں اور آپ اس اشو پر میرے ساتھ تبادلہ خیال کرنے میں ہمیشہ ہی خوش آمدید ہیں یہاں یہ بات بھی بتاتے چلیں کہ میری فیکس میشین کام کررہی ہے اور آپ کا فیکس بھی موصول ہوا ہے اور میرے آفس کے ذریعے اسکی تصدیق بھی ہوئی ہے حالانکہ آپ نے اس کی غیر فعال ہونے کے بارے میں ٹویٹ کردیا