عمر نے گاندربل سے پرچہ داخل کیا، ٹوپی اتار کر ووٹروں سے اپیل

عظمیٰ نیوز سروس

 

گاندربل//نیشنل کانفرنس کے نائب صدر عمر عبداللہ نے بدھ کو گاندربل اسمبلی سیٹ سے پرچہ نامزدگی داخل کیا۔عبداللہ نے پارٹی کے سینئر لیڈروں اور ان کے بیٹوں کے ساتھ منی سیکرٹریٹ میں ریٹرننگ افسر کے سامنے کاغذات داخل کئے۔وہ ایک گاڑی پر بیٹھ کر منی سیکرٹریٹ پہنچے۔یہ این سی لیڈر کی اس حلقے میں واپسی ہے جس کی انہوں نے 2009 سے 2014 تک نمائندگی کی تھی ۔عمر عبداللہ نے ٹوپی اتار دی، ‘ہاتھ جوڑ کر’ ووٹروں سے اپیل کی کہ وہ انہیں گاندربل سے منتخب کریں۔

 

اس نے کہا”آج میں صرف ایک بات کہنا چاہتا ہوں۔ میری ٹوپی، میری پگڑی اور میری عزت آپ کے ہاتھ میں ہے”،۔ عمر نے آج لوگوں سے اپیل کی کہ وہ انہیں لوگوں کی خدمت کا ایک موقع دیں اور جموں و کشمیر کے آئندہ اسمبلی انتخابات میں گاندربل سے انہیں منتخب کریں۔عمر نے نامزدگی داخل کرنے کے بعد جذباتی لہجے میں پارٹی کارکنوں سے اپیل کی”آج میں صرف ایک بات کہنا چاہتا ہوں۔ میری ٹوپی، میری پگڑی اور میری عزت آپ کے ہاتھ میں ہے‘‘۔انہوں نے کہا”آج میں آپ سے ہاتھ جوڑ کر درخواست کر رہا ہوں کہ انتخابات میں میری کامیابی کے لیے ہر دروازے تک پہنچیں،” ۔انہوں نے پارٹی کارکنوں پر زور دیا کہ وہ ایک رسی کو تھامے رکھیں اور کامیابی حاصل کرنے کے لیے اللہ پر بھروسہ رکھیں۔ عمر نے کہا کہ اگر ہم ایک رسی کو تھام لیں اور اللہ پر یقین رکھیں تو کامیابی یقینا ہماری ہے۔عمر جب سر سے ٹوپی اتار کر پارٹی کارکنوں سے آئندہ اسمبلی انتخابات میں ان کی عزت کا احترام کرنے کی اپیل کر رہے تھے تو جلسہ پارٹی نعروں سے گونج اٹھا، یہاں تک کہ پارٹی کے کچھ کارکنان کو روتے ہوئے دیکھا گیا۔