عظمیٰ نیوزسروس
جموں//نائب وزیراعلیٰ سریندر کمار چودھری نے عوامی شکایات کو اُن کی دہلیز پر حل کرنے کے حکومت کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے نگروٹہ اور ڈنسال کے علاقوں کا ایک روزہ دورہ کیا تاکہ لوگوں کے مسائل اور مطالبات کو جائزہ لیا جاسکے۔اُنہوںنے بلاک ڈنسال کے پنچایت بادسواور بلاک نگروٹہ کے پنچایت کٹل بٹال و ساندھی کے علاوہ حالیہ شدید بارشوں اور سیلاب سے متاثرہ ملحقہ علاقوں کا دورہ کیا۔نائب وزیراعلیٰ نے عوامی شکایات کے ازالے کے کیمپس کے دوران لوگوںکی شکایات کوبغور سُناجن میں پانی اور بجلی کی فراہمی سے لے کر سڑکوں کے بنیادی ڈھانچے تک کے مسائل شامل تھے۔اُنہوںنے متعلقہ اَفسران کو ہدایت دی کہ عوامی شکایات کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے تاکہ مسائل کو بروقت اور مؤثر طریقے سے نمٹایا جا سکے۔نائب وزیراعلیٰ نے دیہی نمائندوں کو یقین دِلایا کہ حکومت ان کے تمام مطالبات پر سنجیدگی سے غور کرے گی اور ضروری اقدامات کو یقینی بنایا جائے گا۔ اُنہوں نے کہا کہ حکومت کا بنیادی مقصد لوگوںکو اُن کی دہلیز پر بہتر سہولیات فراہم کرنا اور دیہی علاقوں میں ترقی کی رفتار کو مزید تیز کرنا ہے۔اُنہوں نے یہ بھی یقین دہانی کی کہ تمام شکایات اورمسائل کو پوری سنجیدگی کے ساتھ نمٹایا جائے گا۔ اُنہوں نے زور دیا کہ شکایات کے حل میں ایک سماجی ذمہ داری کا رویہّ اَپنانا چاہیے جس سے عام لوگوں کو ریلیف ملے گا۔سریندر کمار چودھری نے تباہ شدہ سڑکوں اور پُلوں کا معائینہ کرتے ہوئے متعلقہ ایگزیکٹو اِنجینئر کو ہدایت دی کہ مرمت اور بحالی کے کام کو تیز کیا جائے۔ اُنہوں نے مکانات اور مویشیوں کے نقصان کے سلسلے میں مقررہ ضوابط کے تحت مالی اِمداد جلد از جلد فراہم کرنے پر بھی زور دیا۔اُنہوںنے کہا کہ وزیراعلیٰ عمر عبداللہ کی قیادت میں حکومت عوامی مسائل کو سننے اور حل کرنے کے لئے مسلسل عوام سے بالخصوص دُور دراز اور پسماندہ علاقوں میں رہنے والے لوگوں کے ساتھ رابطے میں ہے ۔نائب وزیراعلیٰ نے کہا کہ دُور افتادہ علاقوں کی ترقی موجودہ حکومت کی اوّلین ترجیح ہے اور حکومت دیہی علاقوں میں لوگوں کی زِندگی بہتر بنانے کے لئے پُرعزم ہے۔اُنہوں نے لوگوں سے روبروبات چیت اور ان کے مسائل کو حل کر کے شفافیت، جوابدہی اور عوامی مفاد پر مبنی طرز ِحکمرانی کے لئے حکومت کی لگن کا مظاہرہ کیا۔وزیر کے ساتھ این سی صوبائی صدر جموں رتن لال گپتا، سینئر این سی لیڈر راکیش سنگھ راکا، شیخ بشیر احمد، اور ڈی ڈی سی ڈنسال، شمیم بیگم بھی موجود تھیں۔رہائشیوں کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے، چودھری نے انہیں یقین دلایا کہ عمر عبداللہ کی زیرقیادت حکومت خطے کے بنیادی ڈھانچے، سطحی رابطے اور بنیادی یوٹیلیٹی خدمات کو بحال کرنے کے لیے انتھک محنت کر رہی ہے، یہ سب غیر متوقع موسم کی وجہ سے شدید متاثر ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بڑے پیمانے پر ہونے والے نقصان سے نمٹنے کے لیے جاری کوششوں کے ساتھ پہلے ہی کافی پیش رفت ہو چکی ہے۔رتن لال گپتا نے پارٹی کے مقامی عہدیداروں کی اہمیت کو اجاگر کیا کہ وہ مقامی لوگوں کے ساتھ سرگرمی سے ان کی مشکلات کو سمجھیں اور ان مسائل کو مقامی انتظامیہ کے ساتھ فوری طور پر اٹھائیں۔ انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ نیشنل کانفرنس “عوام کی ہمہ وقت دوست” ہے اور باشندوں کو یقین دلایا کہ پارٹی اس مشکل وقت میں ان کے ساتھ کھڑی رہے گی۔اختتام پر، چودھری اور گپتا نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ بحالی کی جاری کوششیں تباہ کن موسمی حالات سے متاثر ہونے والوں کو راحت فراہم کریں گی۔ انہوں نے یقین دلایا کہ حکومت کا تیز ردعمل اور عوامی بہبود کے عزم سے آنے والے دنوں میں جموں ڈویژن کی بحالی اور تعمیر نو میں مدد ملے گی۔