سرینگر//وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی ، امور نوجوان و کھیل کود عمران رضا انصاری نے سماج کو آگے بڑھانے کیلئے نوجوانوں کے رول کو اجاگر کرتے ہوئے انہیں مختلف ثقافتوں سے متعلق جانکاری حاصل کرنے کیلئے کہا تا کہ وہ اپنے ارد گرد رونما ہونے والے واقعات اور حقایق کو سمجھ سکیں ۔ سی آر پی ایف کی طرف سے منعقدہ بین ضلع فُٹ بال ٹورنامنٹ میں حصہ لینے والی پہلی 6 ٹیموں کو بھارت درشن کیلئے منتخب کیا جائے گا اس کے علاوہ انہیں انعامات سے بھی نوازہ جائے گا ۔ اس موقعہ پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے وزیر نے کہا کہ ریاستی نوجوانوں میں بے پناہ صلاحیت موجود ہے ۔ انہوں نے والدین اور کھیل کود انجمنوں کو مشورہ دیا کہ وہ نوجوانوں کو اپنی صلاحیتوں اور اپنے ہنر کو بروئے کار لانے کیلئے اُن کی حوصلہ افزائی کریں ۔ اس موقعہ پر آئی جی سی آر پی ایف روی دیپ ساہی نے کہا کہ سی آر پی ایف یہ کھیل مقابلہ حکومت ہند کی ہدایات پر سوک ایکشن پروگرام کے تحت منعقد کر رہی ہے ۔ یہ میگا فُٹ بال ٹورنامنٹ سرینگر، جموں اینڈ کشمیر اوپس سیکٹرز سی آر پی ایف نے اپنے متعلقہ سیکٹروں میں جموں کشمیر فُٹ بال ایسوسی ایشن سرینگر سیکٹر سی آر پی ایف کے اشتراک سے منعقد کر رہی ہے ۔ ٹورنامنٹ پہلے مرحلے میں بڈگام اور گاندر بل اضلاع میں کھیلا جائے گا ۔ ٹورنامنٹ میں 8 ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں ۔ ٹورنامنٹ 7 دسمبر2017 سے ٹی آر سی فُٹ بال میدان سرینگر میں شروع ہو گا اور 18 دسمبر 2017 کو اختتام پذیر ہو گا ۔ جینے والی ٹیم کو 25 ہزار روپے جبکہ رنر اپ ٹیم کو 20 ہزار روپے کے انعامات دئیے جائیں گے ۔