سرینگر//جموں و کشمیر بینک کے چیئرمین اور چیف ایگزیکٹیو پرویز احمد کے ہاتھوں گزشتہ دنوں شیر کشمیر انٹرنیشنل کنونشن کمپلکس میں منعقد ایک پُر وقار تقریب میںجموں و کشمیر بینک کے 120 افسران کو اُنکی اعلیٰ کارکردگی کے عوض اعزازی تمغوں اور اسناد سے نوازا گیا ۔ان افسران نے چار مختلف زمروں میںدئے گئے اہداف کو اپنے اپنے بینک شاخوں میں نہ صرف پورا کیا تھا بلکہ محنت لگن سے اپنے دئے گئے ٹارگیٹ کو عبور بھی کیاتھا ۔ خاص کر ہاوسنگ لون، کار لون، ڈیجٹل پروڈکٹس اور انشورنس سیکٹر میں ان افسران نے اپنے مقرر ہ اہداف کو مقررہ وقت میں خوش اسلوبی کے ساتھ پورا کیا تھا۔ اس اعزازی تقریب میں چیئرمین کے علاوہ بینک کے تینوں ایگزیکٹیو پریذیڈنٹ پی کے تکو، آر کے چھبر اور عبدالرشید شگن شامل تھے۔ اس موقع پر پرویز احمد نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جے کے بینک ملازمین کارکردگی اور کام کرنے کے لحاظ سے انسانی وسائل کی بہترین مثالیں ہیں۔ کیونکہ یہ تناؤ اور چلینج کو قبول کرتے ہوئے ہماری امیدوں پر کھرا اُترنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ خاص کر جب سے میں نے اس بینک کی سب سے بڑی ذمہ داری کو سنبھالا، میں نے بارہ ہزار سے زائد محنت کش ملازمین کو تہہ دل سے کام کرتے ہوئے پایا ۔ متعدد مشکلات کا سامنا کرتے ہوئے وہ ہر چلینج کو قبول کرتے ہیں اور ناقدین کواپنی بہترین کارکردگی سے ٹھوس جواب د ینے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔جے کے بینک کے سٹار کھلاڑیوں کو دیکھ کر مجھے یقین ہورہا ہے کہ اس بینک کے پاس انسانی وسائل کا بہترین خزانہ ہے جنکے پاس اس ادارے کو بہت آگے لیجانے کی صلاحیت ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ جموں و کشمیر بینک میں انفرادی طور ہر ملازم کے اچھے کام کو شاباشی ملنی چاہئے جس سے اُنکا حوصلہ اور زیادہ بڑھ سکتاہے اور انکے اند ر ایک مثبت طریقہ کار آجائے گا۔ایوارڈ پانے والوں کو مبارکباد دیتے ہوئے ایگزیکٹیو پریذیڈنٹ پی کے تکو نے کہا کہ یہ بات دل کو تسلی دیتی ہے کہ بیشتر لوگوں نے نہ صرف اپنے اہداف چھوئے ہیں بلکہ انکو کہیں زیادہ پار بھی کیا ہے۔ اس مہم کو چالو کرنے کا مقصد یہی تھا کہ سٹاف ایک تو ان پروڈکٹس پر خود دھیان دے اور دوسرا گاہکوں تک انکی ترسیل میں شدت لائی جاسکے۔ ایگزیکٹیو پریذیڈنٹ آر کے چھبر نے اپنے خطبے میں کہا کہ ہمیں امید ہے کہ جس طرح ان اہداف کا ملازمین نے سنجیدگی سے لیا اُسی طرح وہ اپنے دسمبر کوارٹر کے سبھی ٹارگیٹ کے حصول میں بھی کام کرینگے۔جے کے بینک ایکزیکٹیو پریذیڈنٹ عبد الرشید شگن نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اچھے ڈھنگ سے کام کرنے والے لوگ اعزاز کے مستحق ہوتے ہیں اور بینک انتظامیہ فراخدلی سے اُن لوگوں سراہتی ہے۔تقریب کے استقبالیہ خطبے میں پریذیڈنٹ راکیش گنڈوترا نے کہا کہ ایسے اقدامات سے یہ بینک اپنی منزل ِ مقصود کی طرف تیزی سے رواں دواں ہورہا ہے۔ ملازمین کی طرف سے انکی کڑی محنت کی حوصلہ افزائی کرنا ہماری بڑی ذمہ داری ہے اور حوصلہ ہی آگے بڑھنے کی ترغیب دیتا ہے۔ایوارڈ پانے والے افسران نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بینک کی اعلیٰ انتظامیہ کے ہاتھوں اس طرح اعزازات سے نوازنا نہ صرف انکے لئے فخر کی بات ہے بلکہ بینک کی اسی سالہ تاریخ میں ایک مثالی اور انوکھا قدم ہے۔اس پر رونق تقریب پر ایک آڈیو ویجول پریزن ٹیشن بھی دکھائی گئی جس میں اس ساری مہم کا خاکہ پیش کیا گیا۔ اپنے اختتامی کلمات میں پریذیڈنٹ ارون گنڈوترا نے بینک کی ساری اعلیٰ انتظامیہ اور مدعو انعام یافتہ افسراں کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔