نیوز ڈیسک
سرینگر//کچھ علما ء کی حالیہ گرفتاری اور دیگر کئی امور پر گفت و شنید کے لئے متحد علما اہلسنت کا 5رکنی وفد پیر کے روز لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا سے ملاقی ہوا۔ راج بھون میں لیفٹیننٹ گورنر سے ملاقات کرنے والے وفدمیں معروف اِسلامی سکالرمولانا غلام محی الدین نقیب ، مولانا غلام رسول حامی ، مولانا شوکت حسین کینگ اور پروفیسر بشیر احمد ڈار شامل تھے۔وفد کے اَرکان نے ریشی صوفی کلچر او رجموںوکشمیر کی روایت کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا۔اُنہوں نے صوفی تعلیمات کی مؤثر نشرو اِشاعت ، شیخ العالم ریسر چ یونیورسٹی کے قیام اور سکولوں ، کالجوں اور یونیورسٹیوں میں ثقافتی اَقدار کے فروغ کے لئے مدرسہ بورڈ کی تشکیل کے مطالبات پیش کئے۔وفد نے ملک کے دیگر حصوں میں تازہ پھلوں کی ترسیل کے حوالے سے پھل کاشت کاروں کے مسائل پر بھی تبادلہ خیال کیا ۔لیفٹیننٹ گورنر نے ملک بھر میں جموںوکشمیر کے تازہ پھلوں کی بغیر کسی پریشانی ٹرانسپورٹیشن کے لئے متعلقہ اَفراد کو موقعہ پر ہی ہدایات جاری کیں۔
لیفٹیننٹ گورنر نے وفد کے اَرکان کو قدیم صوفی تعلیمات او راَقدار کے فروغ کے لئے جموںوکشمیر یوٹی اِنتظامیہ سے ہر طرح کی مدد کا یقین دِلایا۔یو این آئی کے مطابقملاقات کے بعد میڈیا کے ساتھ بات کرتے ہوئے کاروان اسلامی کے سر براہ مولانا غلام رسول حامی نے کہا کہ ہم نے ملاقات کے دوران کئی مسائل خاص طور پر کچھ علما کی حالیہ گرفتاری کا معاملہ اٹھایا۔انہوں نے کہا’’لیفٹیننٹ گورنر سے ہمیں مثبت جواب ملا اور ہمیں امید ہے کہ مختلف وجوہات کی بنا پر گرفتار کئے گئے علما کو جلد رہا کیا جائے گا‘۔ان کا کہنا تھا کہ ہم نے ملاقات کے دوران فروٹ گروورس کا بھی مسئلہ اٹھایا جومال کو ٹرانسپورٹ کرنے کے حوالے سے گوناگوں مشکلات سے دو چار ہیں۔انہوں نے کہا کہ لیفٹیننٹ گورنر نے اس ضمن میں مثبت جواب دیا اور حکومت کی طرف سے اس ضمن میں اقدام کرنے کی یقین دہانی کی۔وفد کے ایک اور رکن بشیر احمد نے کہا کہ ہم نے لیفٹیننٹ گورنر کے ساتھ گذشتہ چند دنوں کے دوران کچھ علما کی گرفتاری اور فروٹ گروورس کو درپیش مسائل اٹھائے۔انہوں نے کہا’’موصوف ایل جی نے ہمیں دھیان سے سنا اور اس ضمن میں ہر ممکن مدد فراہم کرنے کی یقین دہانی کی‘۔ وادی میں گذشتہ کچھ دنوں کے دوران کئی علما کی گرفتاری عمل میں لائی گئی۔