عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر //علاقی دیہاتی بینک انتظامیہ نے کہا ہے کہ علاقائی دیہاتی بینک لر گام ترال برانچ میں بے ضابطگیوں کی نشاندہی ہونے کے بعدمذکورہ شاخ کے منیجر کومعطل کر کے اسکے خلاف کیس رجسٹر کیا گیا ہے۔ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ مذکورہ برانچ میں معمول کے معائنہ کے دوران کچھ بے ضابطگیوں کی نشاندہی کی گئی ہے اور وہ زیر تفتیش ہیں۔ابتدائی تفتیش کے دوران یہ بات سامنے آئی ہے کہ غلطی کرنے والے اہلکار نے کچھ فرضی اکائونٹس بنائے تھے لیکن بینک کی بروقت کارروائی کے نتیجے میں عوامی رقم کے کسی بھی غلط استعمال کو ناکام بنا دیا گیا ۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ مذکورہ اہلکار کو معطل کر دیا گیا ہے اور پولیس سٹیشن ترال میں اسکے خلاف 17فروری کو کیس زیر نمبر 13/2024 درج کیا گیا۔بیان میں کہا گیا ہے ’’ کسی بھی صارف کے اکانٹ سے سمجھوتہ نہیں کیا گیا ہے اور تمام صارفین کی رقم محفوظ ہے‘‘۔
مزید کہا گیا ہے کہ علاقائی دیہاتی بینک ایک عوامی مالیاتی ادارہ ہے اور عوامی پیسے کی حفاظت/سیکورٹی ہمارے لیے انتہائی اہمیت کی حامل ہے اور ہمیشہ رہے گی۔ بیان میں کہا گیا ہے’’ہم آپ کو یقین دلانا چاہتے ہیں کہ ہمارے صارفین کا پیسہ ہمارے پاس محفوظ ہے اور ہر قیمت پر محفوظ رہے گا، بینک ایک ذمہ دار مالیاتی ادارے کے طور پر اپنی ذمہ داری سے آگاہ ہے اور ہر قیمت پر اپنے صارفین کے مفادات کا تحفظ کرے گا‘‘۔بیان میں کہا گیا ہے کہ کچھ میڈیا ہائوسز نے لرگام برانچ میں عوام کے پیسے کے غبن کے حوالے سے خبریں چلائی ہیں اورسوشل میڈیا پر زیر گردش ویڈیوز میں دیے گئے بیانات محض الزامات ہیں اور مکمل طور پر بے بنیاد ہیں ۔اس سے قبل کہا گیا تھا کہ بینک منیجر معراج عالم ساکن بہار33 لاکھ روپے لے کر فرار ہو گیا ہے۔