عارف بلوچ
اننت ناگ //جنوبی کشمیر کے عشمقام اننت ناگ علاقے میں جمعہ کی صبح شراب کے نشے میں دھت ایک شخص نے اپنے والدین، ہمسائیوں اور راہگیروں پر حملہ کر کے9افراد کو شدید زخمی کردیا جن میں سے اسکی ماں اور مزید 2افراد بعد میں دم توڑ بیٹھے۔پولیس نے مذکورہ شخص کو گرفتار کرلیا ۔پولیس کے مطابق دیارو عشمقام گائوں میں شراب کے نشے میں دھت 28سالہ جاوید احمد راتھر نامی شخص نے جمعہ کی صبح قریب 7.30 بجے گھر میں ہنگامہ بپاکیا ۔
مقامی لوگوں کے مطابق وہ نشے کی حالت میں عشمقام کی زیارت گاہ پر جانا چاہتا تھا لیکن اسکے والدین نے اس طرح کی حالت میں منع کیا جس پر اسے غصہ آیا اور اس نے ڈنڈا اٹھایا اور پہلے اپنے ماں باپ پر وار کئے جس سے وہ شدید زخمی ہوئے اور پھر وہ ڈنڈا لیکر گھر سے باہر آیا اور ہمسائیوں پر ٹوٹ پڑا۔ہمسائیوں کو زخمی کرنے کے بعد وہ اپنے گائوں سے عشمقام میں داخل ہوا اور وہاں بھی راہ چلتے لوگوں پر حملہ آور ہوا۔اس موقعہ پر پولیس کو مطلع کیا گیا جنہوں نے نشے میں دھت نوجوان کو میونسپل کمیٹی دفتر کے نزدیک قابو میں کر لیا اور حالوات میں بند کردیا۔مقامی لوگوں اور پولیس کی مدد سے زخمیوں کو فوری طور پر اسپتال پہنچایا گیا تاہم اسکی ماں 60سالہ حفیظ بیگم ،58سالہ غلام نبی خادم ولد اسداللہ ساکن عشمقام اور محمد امین شاہ عشمقام بعد میں دم توڑ بیٹھے جبکہ اسکا والد غلام حسن راتھر کے علاوہ عبدا لرحمان وانی ولد عمہ وانی اور محمد سلطان ولد محمد یوسف عشمقام اور ایک ہی گھر کے60سالہ حاجرہ ، اسکا بیٹا محمد اشرف راتھر اور بہو مبینہ اختر ساکنان دیارو زخمی ہوگئے ۔ معلوم ہوا ہے کہ جاوید احمد پیشے سے نانوائی ہے اور پہلگام میونسپل کمیٹی آفس کے قریب اسکی 3دکانیں ہیں۔وہ شادہ شدہ ہے اور اسکی دو بیٹیاں بھی ہیں۔پولیس نے معاملے کی نسبت زیر نمبر102/2022 کیس درج کرکے تحقیقات شروع کی ہے۔جاوید کے بارے میں یہ بھی معلوم ہوا کہ جمعرات کو وہ نشے میں دھت ہو کر پہلگام بازار میں ہڑ بونگ کرنے لگا اور پولیس نے اسے حراست میں لیکر اسے والدین کے حوالے کیا تھا۔