عرس مبارک حضرت بابادائودخاکیؒ | مخدوم صاحبؒ کے آستان عالیہ پرروح پرورمجلس

عظمیٰ نیوزسروس

سرینگر//وادی میں جمعہ کو بلند پایہ ولی کامل علامہ حضرت بابا داؤد خاکیؒ کا 452واں عرس مبارک نہایت عقیدت واحترام کے ساتھ منایا گیا۔ اِس سلسلے میں سب سے بڑی تقریب اُن کے آستان عالیہ واقع کوہ ماران (زیارت حضرت محبوب العالم شیخ حمزہ مخدومؒ) پر منعقد ہوئی جہاں صبح سویرے ہی قرآن خوانی، ختمات المعظمات، دورد ازکار اور نعت منقبت کی روح پرور مجلس آراستہ ہوئی، جس کی پیشوائی بقعہ عالیہ کے ختم خواں عبدالمجید مخدومی نے کی۔ وادی کے اطراف و اکناف سے آئے ہوئے عقیدت مندوں نے اس بابرکت اور روح پرور مجلس میں شرکت کی۔ اس موقعے پر حضرت بابا داود خاکیؒ کے علمی اور روحانی کمالات پر بھی روشنی ڈالی گئی۔ تقریب پر مولانا شوکت حسین کینگ، امام پیر شبیر احمد مخدومی، جمعیت ہمدانیہ کے جنرل سکریٹری پیرزادہ محمد اشرف عنایتی اور شاہد جیلانی مخدومی کے ساتھ ساتھ بقعہ عالیہ کے خدامان بھی موجود تھے۔خانقاہِ پانپور میں نمازِ جمعہ سے قبل مولانا ریاض احمد ہمدانی نے حضرت امام اعظم ثانی علامہ حضرت بابا داوٗد خاکیؒ کے علمی اور روحانی کمالات پر خطبہ دیا اور کہا کہ حضرت بابا داوٗد خاکیؒ ، جو ملک کشمیر کے قاضی القضاء یعنی چیف جسٹس کے پر بھی فائز تھے اور انہوں نے دین اسلام کی خاطر اس اعلیٰ شان و شوکت اور شاہانہ زندگی کر ترک کر کے محبوب العالم حضرت مخدوم شیخ حمزہؒ کی تربیت میں عبادت الٰہی میں محو ہوگئے۔ بابا داوٗد خاکی نے بے شمارکتب بھی تحریر کئے، جن میں وردالمریدین، دستور الساکین، قصیدہ جلالیہ اور قصیدہ لمیہ قابل ذکر ہیں۔