نیوز ڈیسک
جموں// بی جے پی کے قومی جنرل سکریٹری ترون چْگ نے جموں و کشمیر کی سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کو جموں و کشمیر کے لوگوں کے ساتھ دھوکہ دہی اور تباہ کن سیاست کھیلنے پر تنقید کا نشانہ بنایا۔پارٹی ہیڈکوارٹر تریکوٹہ نگر جموںمیں پارٹی قائدین سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بی جے پی کو محبوبہ مفتی کے دھوکے باز کھیل کو بے نقاب کرنا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ اب وہ اچانک رگھوناتھ بازار کے بارے میں جان گئی ہیں، یہ لوگوں کے ایمان کا بڑا مذاق اڑانا ہے۔چگ نے کہا کہ ’’محبوبہ مفتی جموں و کشمیر کے ہندوؤں کے مفاد کو نظر انداز کرتے ہوئے عسکریت پسندوں کے لئے سرخ قالین بچھاتی رہی‘‘۔چگ نے کہا کہ بی جے پی نے وزیر اعظم نریندر مودی کے ویژن سے آگے بڑھاتے ہوئے جموں و کشمیر کو “دہشت گردی کی دارالحکومت” سے ملک کی سیاحتی دارالحکومت میں تبدیل کر دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ خطہ میں امن قائم کرنے کے لئے مودی کی کوششوں کو ایک بڑا خراج تحسین ہے کہ راہول گاندھی اور پرینکا گاندھی ایک ایسے ماحول میں سنو بال گیم کھیل رہے ہیں جہاں عسکریت پسندوں کا کوئی خوف نہیں تھا۔انہوں نے کہا کہ مودی نے گاندھیوں کے لیے برف کے گولے کھیلنا ممکن بنایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب جبکہ محبوبہ صورتحال سے فائدہ اٹھانے کی کوشش کر رہی ہیں، یہ ایک بڑا سوال ہے کہ ان کے والد کے بطور مرکزی وزیر داخلہ دور میں جموں و کشمیر کو پاکستان کی آئی ایس آئی کے پروردہ عسکریت پسندوں کے حوالے کیوں کیا گیا۔ انہوں نے کہاکہ بی جے پی خاندانی سیاست میں یقین نہیں رکھتی اور یہ کہ جب بھی الیکشن کا اعلان ہوگا بی جے پی اس کا خیر مقدم کرے گی۔ انہوں نے بتایا کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے ملک کے لوگوں سے وعدہ کیا ہے کہ جموں وکشمیر میں بہت جلد چنائو ہونگے اور اس پر عمل بھی ہوگا۔ اُن کے مطابق چنائو کمیشن نے ووٹر لسٹ پر اعتراضات مانگے ہیں، یہ عمل پورا ہونے کے بعد الیکشن کا بھی اعلان ہوگا۔ انسداد تجاوزات مہم کے بارے میں پوچھے گئے سوال کے جواب میں بی جے پی جنرل سیکریٹری نے کہاکہ سیاستدانوں نے سرکاری اراضی پر قبضہ کیا ہے اور اس کا چھڑانا بہت ضروری تھا۔انہوں نے مزید بتایا کہ پی ڈی پی اور نیشنل کانفرنس سے وابستہ اکثر لیڈران نے سرکاری اراضی پر قبضہ کیا ہوا ہے۔ دفعہ 370کی منسوخی کے بارے میں بی جے پی جنرل سیکریٹری نے کہاکہ وزیر اعظم مودی اس قانون کو ختم کرکے جموں وکشمیر کو حقیقی آزادی فراہم کی ۔ انہوں نے مزید کہاکہ تین خاندانوں مفتی ، عبداللہ اور گاندھی نے ایک منصوبہ بند سازش کے تحت جموں وکشمیر کو ٹیررزم کا دارلخلافہ بنایا لیکن موجودہ مرکزی حکومت نے جموں وکشمیر کو امن کا گہوارا بنایا ۔ ترون چگ کے مطابق جموں وکشمیر میں حالات پوری طرح سے معمول پر آئے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ گاندھی خاندان اب کشمیر میں چھٹیاں منانے کی خاطر آرہے ہیں ۔