اوڑی//دیہی ترقی، پنچائتی راج اور قانون و انصاف کے وزیر عبدالحق خان اور باز آباد کاری کے ریاستی وزیر جاوید مصطفی میر نے اوڑی کا دورہ کر کے وہاں نقل مکانی کرنے والے کنبوں کے ساتھ ملاقات کی۔وزرا نے دورے کے دوران ایل او سی پر شلنگ کے نتیجہ میں پیدا شدہ صورتحال کاجائیزہ لیا۔میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے وزراء نے کہا کہ ایل او سی کے نزدیک رہنے والے لوگ ہندوستان اور پاکستان کے درمیان نفرت کا شکار ہوتے ہیں۔اس سے قبل وزراء نے گورنمنٹ ہائیر سکینڈری سکول اوڑی میں جاکر متاثرین سے ملاقات کی جو سکول میں قیام پذیر ہیں۔وزراء موصوف نے افسروں کو ہدایت دی کہ وہ لازمی اقدامات کریں اور انہیں کیمپ میں قیام کے دوران تمام طرح کی سہولہیات دستیاب رکھیں۔انہوں نے متاثرین کو یقین دلایا کہ حکومت اُن کے تحفظ کے لئے تمام تر اقدامات کر رہی ہے۔تقریباً7 ہزار نفوس موجودہ صورتحال کی وجہ سے متاثر ہوئے ہیں۔وزراء نے ڈی سی اور ایس ایس پی بارہ مولہ کو ہدایت دی کہ وہ موجودہ صورتحال کا جائیزہ لے کر چرندہ، سلی کوٹ، موٹھل، ہتلنگا، شورہ بالکوٹ اور تلہ واری کے باشندگان کے لئے تمام تر انتظامات کو یقینی بنائیں۔انہوں نے ضلع انتظامیہ کو مزید ہدایت دی کہ وہ ان متاثرین کے ساتھ لگاتار رابطہ بنائے رکھیں اور ان کی مشکلات کے ازالہ کے لئے اقدامات کریں۔انہوں نے متعلقہ افسروں کو ہدایت دی کہ وہ متاثرین کے لئے رہایشی سہولیات، خوراک، پینے کا پانی، بجلی، طبی اور صحت و صفائی سہولیات بہم رکھیں۔ وزیر موصوف نے ڈپٹی کمشنر کو ہدایت دی کہ وہ ایل او سی پر سرحد پار سے شیلنگ کے نتیجہ میں جائیدادوں کو پہنچے نقصان کا تخمینہ لگائیں تا کہ متاثرین کو ضابطہ کے تحت معاوضہ فراہم کیا جاسکے۔