عظمیٰ نیوز ڈیسک
نئی دہلی//وزیر خزانہ نرملا سیتا رمن نے عام بجٹ 2024-25 کی تیاریوں کے پیش نظر زرعی تنظیموں اور زرعی ماہرین اقتصادیات کے ساتھ ساتھ چھوٹی، بہت چھوٹی اور درمیانہ درجہ کی صنعتوں (ایم ایس ایم ای) کے ساتھ بھی بجٹ سے قبل بات چیت کی۔ وزارت خزانہ نے ایکس پر یہ معلومات دیتے ہوئے کہا کہ وزیر خزانہ نے الگ الگ اجلاسوں کی صدارت کی۔ ان میٹنگوں میں زرعی تنظیموں اور اس شعبے کے ماہرین معاشیات نے اپنی تجاویز پیش کیں اور اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ اسی طرح ایم ایس ایم ای کے نمائندوں نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔
یہ چوتھی اور پانچویں پری بجٹ میٹنگ تھی۔میٹنگ میں مرکزی وزیر مملکت برائے خزانہ پنکج چودھری، خزانہ سکریٹری؛ اقتصادی امور، محصولات، مالیاتی خدمات اور کمپنی امور کی وزارتوں کے افسران کے ساتھ ساتھ زراعت اور کسانوں کی بہبود کی وزارت کے سینئر افسران بھی موجود تھے ۔ اس میں حکومت ہند کے چیف اکنامک ایڈوائزر نے بھی شرکت کی۔ ان کے ساتھ ایم ایس ایم ای وزارت اور ڈی پی آئی آئی ٹی کے عہدیداروں نے بھی ایم ایس ایم ای کے نمائندوں کے ساتھ میٹنگ میں حصہ لیا۔