محمد تسکین
بانہال// گزشتہ دنوں دہلی میں عام آدمی پارٹی میں شمولیت اختیار کرنے کے بعد ضلع رام بن میں واپس لوٹنے پر عاپ لیڈروں کا شاندار استقبال کیا گیا ہے اور اس سلسلے میں چندرکوٹ ، مکرکوٹ ، رامسو ، کھڑی اور بانہال میں عام آدمی پارٹی کے لیڈروں کے والہانہ استقبال کیلئے تقاریب کا انعقاد کیا گیا تھا۔اس موقع پر مقررین نے کہا کہ عام آدمی پارٹی کی عوامی فلاح و بہبود اور تعمیر و ترقی اور کرپشن سے پاک معاشرے کی پالیسیوں سے متاثر ہوکر انہوں نے اروند کجریوال کا ہاتھ تھاما ہے اور دہلی کا کامیاب ماڈل اب دو چار مہینوں میں پنجاب میں میں نظر آنے لگے گا۔ انہوں نے کہا کہ اروند کیجریوال کا دہلی ماڈل اور پالیسیاں من عن جموں کشمیر میں بھی لاگو کی جائیں اور اس کیلئے لوگوں کو متحدہ ہوکر عام آدمی پارٹی میں شامل ہونا چاہئے تاکہ ایک شفاف اور ایماندار سرکار کا وجود عمل میں لایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ عام آدمی پارٹی کی مقبولیت ریاست جموں وکشمیر ہر بدلتے دن کے ساتھ بڑھ رہی ہے اور لوگوں کو اس آواز پر لبیک کہنا چاہئے۔ واضح رہے کہ حلقہ انتخاب بانہال سے سیاسی و سماجی لیڈر اور سرپنچ محمد الیاس وانی ، آزاد اتحاد کے سابقہ رکن اور ڈی ڈی سی کونسلر کھڑی فیاض احمد نائیک ، پی ڈی پی لیڈر منیر احمد بٹ ، سماجی کارکن خورشید احمد سہمت ، محمد اقبال نائیک ، منظور احمد شیخ سمیت ریاست کے کئی لیڈروں نے گزشتہ دنوں دہلی میں اپنی سابقہ سیاسی وفاداریوں کو چھوڑ کر عام آدمی پارٹی میں شمولیت اختیار کی تھی۔ دہلی سے واپس لوٹے لیڈروں کے اس استقبال کے موقع پر عام آدمی پارٹی کے سینئر لیڈر اور ریاستی کنوینر منیش سنہا ، نونیت میشرا ، سینئر لیڈر شبیر احمد میر بانہالی ، عاپ لیڈر اور سابقہ ڈپٹی کمشنر فاروق احمد خان ، ڈی ڈی سی کونسلر مڑواہ واڑون شیخ ظفر اللہ اور بھلیسہ کشتواڑ معراج الدین ملک کے علاؤہ عام آدمی مہلا ونگ رام بن کی ضلع صدر حنا شیخ اور عاپ کے کارکن موجود تھے۔کھڑی کی تقریب میں عام آدمی پارٹی کا دفتر بھی کھولا گیا جس کی رسم افتتاح ضلع ترقیاتی کونسل رام بن کے ممبر فیاض احمد نائیک نے کی۔
عام آدمی پارٹی میں شمولیت کے بعد
