جیل میں قید رکن اسمبلی ڈوڈہ معراج ملک کا اپنے وکیل کے ذریعے پیغام
اشتیاق ملک
ڈوڈہ //عام آدمی پارٹی بڈگام و نگروٹہ کے ضمنی انتخابات لڑے گی، عاپ کارکن سچائی کا مظاہرہ کریں، ڈوڈہ انتظامیہ اپنی پیشہ وارانہ فرائض ذمہ داری و ایمانداری سے نبھائیں، وزیر اعلیٰ بجٹ اجلاس کے دوران جموں و کشمیر کے لئے مختص کی گئی رقوموت کو زمینی سطح پر لاگو کرائیں ۔ان باتوں کا اظہار عام آدمی پارٹی کے صدر و رکن اسمبلی ڈوڈہ معراج ملک نے جیل سے اپنے وکیل کے ذریعے جاری بیان میں کیا۔ایڈووکیٹ اپو سنگھ سلاتھیہ نے گذشتہ دیر شام کٹھوعہ میں منعقد پریس کانفرنس سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ “میری ملاقات رکن اسمبلی ڈوڈہ معراج ملک سے کٹھوعہ جیل میں ہوئی، وہ تندرست و صحت مند ہیں‘‘۔انہوں نے ایم ایل اے موصوف کی جانب سے تحریری پیغامات کو بیان کرتے ہوئے کہا کہ اپنے پہلے پیغام میں ملک نے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ سے 7مارچ 2025کو بجٹ اجلاس کے دوران جموں و کشمیر میں مختلف سکیموں کے لیے مختص کی گئی رقوموت کو زمینی سطح پر پہنچا کر انہیں لاگو کرائیں۔ڈوڈہ انتظامیہ کے نام جاری اپنے دوسرے پیغام میں انہوں نے کہا کہ “وہ اپنے فرائض ذمہ داری و ایمانداری سے نبھائیں، عوام کو پریشان نہ کریں اور عوامی مسائل کا ترجیحی بنیادوں پر ازالہ کریں‘‘۔ ملک نے کہا نے کہا کہ” میں لوگوں کے لیے ایم ایل اے منتخب ہوا اور لوگوں کے لیے ہی جیل پہنچ گیا اور عمر بھر جیل میں نہیں رہوں گا، بہت جلد اپنے اسمبلی حلقہ میں واپس آؤں گا”۔ اپنے تیسرے و آخری پیغام میں انہوں نے کہا کہ عام آدمی پارٹی بڈگام و نگروٹہ کے ضمنی انتخابات میں حصہ لے گی اور عاپ کارکن سچائی و دیانتداری سے ڈٹے رہیں اور ملک و جموں و کشمیر کے بہتر مستقبل کے لئے سوچیں۔