بلال فرقانی
سرینگر//ہر سال 22 مارچ کو پانی کے عالمی دن کے طور پر منایا جاتا ہے اور یہ دن پانی کو محفوظ کرنے، اس کے درست استعمال کو یقینی بنانے اور اس مسئلے کے بارے میں عوامی بیداری پیدا کرنے میں مدد کرنے کی اہمیت اور ضرورت پر توجہ مرکوز کرتا ہے۔ یہ گلیشیرز کے لیے پہلا عالمی دن بھی تھا، جو کہ گلیشیئرز کے تحفظ کے بین الاقوامی سال کے ساتھ موافق تھا، جس نے آب و ہوا کے نظام اور عالمی آبی تحفظ میں گلیشیرز کے اہم کردار کے بارے میں بیداری پیدا کی تھی۔جموں کشمیر کے معروف ماہر ارضیات اور اسلامک یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر شکیل رومشو کا کہنا ہے کہ گلیشیولوجی کا مطالعہ، جو کہ گلیشیرز اور برف کے سائنسی مطالعہ پر مرکوز ہے، جس میں ان کی تشکیل، حرکت، خصوصیات اور زمین کی آب و ہوا اور ماحول کے ساتھ تعامل شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر کی بڑی یونیورسٹیوں میں تحقیق کا ایک اہم شعبہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر اور لداخ میں تقریباً 15000 بڑے گلیشیرز ہیں جو کہ پینے کے پانی کا براہ راست یا بالواسطہ ذریعہ ہیں لیکن جموں و کشمیر اور لداخ میں گلیشیرز ہر سال تقریبا ً20 میٹر کی لمبائی اور گہرائی میں 1 میٹر کی خطرناک شرح سے کم ہو رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ گلوبل وارمنگ، بنیادی طور پر ترقی یافتہ ممالک کی طرف سے گرین ہائوس گیسوں کے اخراج کی وجہ سے ہوتی ہے، لیکن اس کا اثر بھارت جیسے ترقی پذیر ممالک کو محسوس ہوتا ہے اور ہم اکثر اس کے شدید ترین اثرات کا سامنا کرتے ہیں، جیسے گلیشیرز کے پگھلنے میں تیزی۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں سردیوں میں برف باری میں کمی کا سامنا ہے جو کہ تشویشناک بات ہے۔انہوں نے کہا کہ فیکٹریوں اور دیگر کارخانوں سے نکلنے والا زہریلا کاربن ڈائیکسائیڈ کی تہہ گلیشیرز پر جم گئی ہے جو جیو ماحولیات پر اثرات کے بارے میں تباہ کن ثابت ہوگی۔انہوں نے کہاکہ گلیشیرز کی کمی پانی کی کمی کا باعث بن سکتی ہے اور اس بات پر زور دیا کہ زندگی، صفائی یا حفظان صحت پانی کے بغیر ناممکن ہے، کیونکہ پینے کا پانی ایک بنیادی انسانی ضرورت اور حق ہے۔2025کے عالمی یوم آب کا موضوع ’’گلیشیروں کا تحفظ‘‘ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ پانی کی اہمیت سے آگاہی نہ ہونے کے باعث پانی کی بڑی مقدار ضائع کی جارہی ہے۔ جیولوجیکل سروے آف انڈیا کے محققین ظہیر مجید،منیر مختاراور وڈیا انسٹیٹیوٹ آف ہمالین جیالوجی کے محقق منیش مہتہ، نے مشترکہ طور پر اپنی تحقیق میں یہ انکشاف کیا ہے کہ کولہائی گلیشیر نے 1962 سے اب تک اپنے رقبے کا 23 فیصد حصہ کھو دیا ہے اور یہ چھوٹے حصوں میں تقسیم ہو چکا ہے۔ یہ گلیشیر دریائے جہلم کا اہم ماخذ ہے ۔ماہرین ماحولیات نے خبردار کیا ہے کہ جموں، کشمیر اور لداخ میں گلیشیروں کے پگھلنے سے ہمالیائی علاقے میں پانی کی دستیابی پر سنگین اثرات مرتب ہوں گے، جس کے نتیجے میں معیشتوں اور زندگیوں پر منفی اثرات پڑیں گے۔تحقیق کے مطابق،گلیشیروںمیں گزشتہ چھ دہائیوں میں 25 فیصد کمی آئی ہے ۔رومشو، کے مطابق گزشتہ پانچ سے چھ دہائیوں میں ’’ہم نے اپنے گلیشیروں کا تقریباً 25 فیصد حصہ کھو دیا ہے۔‘‘اگر ہم صدی کے آخر تک موسمیاتی تبدیلی کے بدترین منظرنامے کو دیکھیں، تو ہم اپنے گلیشیروں کا مزید 68 فیصد حصہ کھو دیں گے اور معتدل موسمیاتی تبدیلی کے تحت بھی ہم صدی کے آخر تک اپنے گلیشیروں کا 48 فیصد حصہ مزید کھو دیں گے ۔ رومشو اور ان کی تحقیقاتی ٹیم نے 2020 میں ایک منفرد تحقیق کی تھی جس میں یہ پایا گیا کہ 2000 سے 2012 کے درمیان، ہمالیائی علاقے کے 1,200 گلیشیروں کی سالانہ گلیشیروں کے حجم میں 35 سینٹی میٹر کمی آئی۔