نئی دہلی//چین ،جاپان ،روس ، اسرائیل اور بھوٹان سمیت دنیا کے مختلف ملکوں کے رہمناؤں نے وزیراعظم نریندرمودی کو انتخابات میں تاریخی جیت کی طرف گامزن ہونے پر مبارک باد دی ہے ۔ چین کے صدر شی جن پنگ نے واضح اکثریت کی طر ف بڑھنے پر مسٹر مودی کو فون کرکے مبارک باد دی اور مستقبل کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔جاپان کے وزیراعظم شنزو ابے نے بھی ہندستانی وزیراعظم کو فون کیا او ر جیت حاصل کرنے پر مبارک باد دی ۔ روس کے صدر ولادمیر پوتن نے مسٹر مودی کو پیغام بھیج کر انکی پارٹی بھارتیہ جنتاپارٹی کو پارلیمانی انتخاب میں واضح اکثریت ملنے پر مبارک باد دی ہے ۔انھوں نے بعد میں مسٹر مودی کوفون کرکے بھی مبارک باد دی اور سنہرے مستقبل کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ اسرائیل کے وزیراعظم بنیامن نیتن یاہو نے انتہائی انوکھے انداز میں ہندی میں ٹوئیٹ کرکے مسٹر مودی کو مبارک باد دی ۔انھوں نے کہا،‘‘میرے دوست نریندرمودی آپکی موثر انتخابی جیت پر دل کی گہرائیوں سے مبارک باد ۔یہ انتخابی نیتجے ایک بار پھر دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت میں آپکی قیادت کو ثابت کرتے ہیں ۔ہم ساتھ ملکر ہندستان اور اسرائیل کے مابین گہری دوستی کو مضبوطی فراہم کرنا جاری رکھیں گے ۔بہت خوب ،میرے دوست ۔’’ سری لنکا کے صدر میتری پال سری سینا نے بھی مسٹر مودی کو مبارک باد دی ہے ۔انھوں نے ٹوئیٹ کیا،‘‘آپکی جیت اور اپکی قیادت میں لوگوں کے دوبارہ اعتماد ظاہر کرنے پر مبارک باد ۔سری لنکا مستقبل میں ہندستان کے ساتھ قریبی اور مثبت رشتے جاری رکھنے کے تئیں پرامیدہے ۔’’ سری لنکا کے وزیراعظم رانل وکرم سنگھے نے بھی مسٹر مودی کو مبارک باد دی ہے ۔مسٹر وکرم سنگھے نے ٹوئیٹ کیا،‘‘انتخابات میں پھر شاندار کارکردگی پر نریندرمودی کو مبارک باد ۔ہم آپ کے ساتھ ملکر کام کرنے کے تئیں پرامیدہیں ۔’’ نیپال کے وزیراعظم کے پی شرما اولی نے مسٹر مودی کو مبارک باد دی اور کہا،‘‘میں لوک سبھا انتخابات 2019میں زبردست جیت کے لیے وزیراعظم نریندرمودی کو دل کی گہرائیوں سے مبارک باد دیتاہوں ۔میں انکے مستقبل کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتاہوں ۔میں انکے ساتھ کام کرنے کا منتظر ہوں ۔’’ بھوٹان کے شاہ جگمے کھیسر نام گیل وانگچک نے مسٹر مودی سے فون پر بات چیت کرکے انھیں مبارک باد دی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ افغانستان کے صدر اشرف غنی نے بھی زبردست اکثریت ملنے پر ہندستانی وزیراعظم کو مبارک باد دی ہے ۔انھوں نے ٹوئیٹ کیا،‘‘جنوبی ایشیا میں علاقائی تعاون ،امن وخوشحالی کے لیے دونوں ملکوں کے مابین قریبی تعاون کے مستحکم ہونے کی امیدہے ۔’’ واضح رہے کہ سترھویں لوک سبھا انتخابات کے ووٹوں کی گنتی کے رجحانوں میں بی جے پی واضح اکثریت کی طرف گامزن ہے ۔یواین آئی۔