سرینگر// ملازمین کے مشترکہ پلیٹ فارم’’مشترکہ مشاورتی کمیٹی‘‘ نے حکومت کی طرف سے عارضی ملازمین کو مستقل کرنے کیلئے جاری کردہ ایس آر ائو520میں ترامیم کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملازمین کو مستقل نہیں کیا گیابلکہ انکے ماہانہ مشاہرے میں اضافہ کیا گیا۔انہوں نے2016میں بے دخل ملازمین کو بحال کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے دھمکی دی کہ اگر کھٹوعہ میں معصوم بچی کے لواحقین کو انصاف نہیں دیا گیا تووہ ایجی ٹیشن چھیڑ دینگے۔سرینگر میں مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ایجیک(ق) کے نائب صدر منظور احمد پانپوری نے کہا کہ سرکار نے جہاں دعویٰ کیا کہ عارضی ملازمین کو مستقل کیا گیا، جائزہ لینے پر پتہ چلتا ہے کہ ایس آر ائو520کو اجراء کرنے سے صرف ان ملازمین کے ماہانہ مشاہرے میں اضافہ ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ اگر پہلے سے ہی ایس آر ائو64موجود تھاتو نیا’’ایس آر ائو‘‘ جاری کرنے کا مقصد کیا تھا۔پانپوری نے7ویں تنخواہ کمیشن میں ریکر جاری کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے ایس ایس ائے اساتذہ کی تنخواہوں کو وقت پر واگزار کرنے پر زور دیا۔انہوں نے ملازمین کے بقایاجات کو بھی واگزار کرنے کی وکالت کرتے ہوئے محکمہ بجلی،وایلڈ لائف اور اس طرح کے دیگر ملازمین کو خصوصی انشورنس اسکیم کے دائرے میں لانے کا مطالبہ کیا۔ایجیک(کشمیر ) کے صدر اعجاز احمد خان نے کم از کم تنخواہ اجرت قانون کو لاگو کرنے پر زور دیتے ہوئے مشروط ادائیگی کے تحت کام کرنے والے ملازمین کیلئے ٹھوس بنیادوں پر ملازمت پالیسی تیار کرنے کا مطالبہ کیا۔کھٹوعہ میں ایک بچی کی اغواکاری کے بعد عصمت ریزی اور قتل میں ملوث’’ایس پی ائو‘‘کی گرفتاری کے خلاف جموںمیں احتجاجی مظاہرہ برآمد کرنے کو ذہنی دیوالیہ پن قرار دیتے ہوئے اعجاز احمد خان نے بتایاکہ انسانیت سوز جرم کا ارتکاب کرنے کے بعد اس مجرم کو بچانے کی کوشش بھی اتنا ہی بڑا جرم اور ظلم ہے،جتنا اس شخص نے ایک معصوم بچی کا قتل کر کے کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر ملوث افراد کو سزا نہیں دی گئی تو ملازمین ایجی ٹیشن چھیڑ دینگے2016 کی ایجی ٹیشن کے بعد ملازمت سے بے دخل کیں گئے ملازمین کو بحال کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ کسی بھی ملازم کو بے دخل کرنے سے قبل یہ ضروری ہے کہ معاملے کی محکمانہ سطح پر تحقیقات ضروری ہے،جبکہ حمتی فیصلہ صادر کرنے سے قبل متاثرہ ملازم کی بات سننی اور انہیں صفائی پیش کرنے کا موقعہ دینا بھی ضروری ہے۔انہوں نے کہا کہ متعلقہ ملازمین کے خلاف درج ایف آئی آر اور الزامات،انہیں قصور وار ٹھرانے کیلئے کافی نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ نے جس طرح پہلی بار سنگبازی کے مرتکب ہوئے نوجوانوں کو عام معافی دی،اسی طرح ان ملازمین کو بھی دی جانی چاہے۔ پریس کانفرنس میں فارسٹ ایمپلائز ایسو سی ایشن کے صدر فاروق احمد کائوا،شیخ اعجاز مخدومی اور ملازمین کی دیگر انجمنوں کے نمائندے اور سربرہاں بھی موجود تھے۔