عآپ کے رکن پارلیمنٹ راگھو چڈھا کی معطلی ختم

یواین آئی

نئی دہلی// راجیہ سبھا نے پیر کے روز عام آدمی پارٹی کے رکن پارلیمنٹ راگھو چڈھا کی معطلی ختم کردی۔پارلیمنٹ کے سرمائی اجلاس کے پہلے دن چیئرمین جگدیپ دھنکھڑ نے 115 دنوں کے بعد راگھو چڈھا کی معطلی کو منسوخ کر دیا۔بی جے پی کے رکن پارلیمنٹ جی وی ایل نرسمہا راؤ نے راگھو چڈھا کی معطلی کی منسوخی کے لیے تحریک پیش کی تھی۔ انہیں مراعات شکنی کے الزام میں ایوان بالا سے معطل کیا گیا تھا۔فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے مسٹر راگھو چڈھا نے کہا، “مجھے خوشی ہے کہ میری معطلی واپس لے لی گئی ہے، جس کے لیے میں سپریم کورٹ اور راجیہ سبھا کے چیئرمین جگدیپ دھنکھڑ کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں”۔انہوں نے سوشل میڈیا پر اپنی پوسٹ میں کہا، “11 اگست کو مجھے راجیہ سبھا سے معطل کر دیا گیا تھا۔ میں اپنی معطلی کی منسوخی کے لیے سپریم کورٹ کا رخ کیا تھا۔ سپریم کورٹ نے اس معاملے کا نوٹس لیا اور اب 115 دنوں کے بعد میری معطلی واپس لے لی گئی ہے۔”پنجاب سے راجیہ سبھا کے رکن راگھو چڈھا کو پارلیمنٹ کے مانسون اجلاس کے دوران 11 اگست کو مبینہ مراعات شکنی کے الزام میں معطل کر دیا گیا تھا۔اے اے پی لیڈر پر الزام لگایا گیا تھا کہ انہوں نے راجیہ سبھا کے پانچ ممبران پارلیمنٹ کی رضامندی کے بغیر ان کے ناموں کو اس سلیکٹ کمیٹی میں شامل کرنے کے لیے پیش کیا تھا جو حکومت کی نیشنل کیپیٹل ٹیریٹری آف دہلی (ترمیمی) بل 2023 پر غور کرنے والی تھی۔ان پانچ ممبران پارلیمنٹ کی شکایت پر اس معاملے کو استحقاق کمیٹی کے پاس بھیج دیا گیا اور مسٹر چڈھا کو کمیٹی کی جانب سے حتمی رپورٹ پیش کرنے تک معطل کر دیا گیا تھا۔راجیہ سبھا کی استحقاق کمیٹی کی میٹنگ پیر کے روز پارلیمنٹ میں ہوئی جس میں اے اے پی لیڈر کی معطلی کے معاملے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔