لندن/انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے پاکستانی ٹیم کے سابق عظیم بلے باز ظہیر عباس کو ہال آف فیم میں شامل کرلیا اور وہ یہ اعزاز حاصل کرنے والے پاکستان کے چھٹے کرکٹر ہیں۔آئی سی سی کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا کہ ظہیر عباس اور دیگر کھلاڑیوں کو آئی سی سی ہال آف فیم میں شامل کرنے کا اعلان سوشل میڈیا چینل پر آن لائن ایک پروگرام کی نشریات میں کیا گیا۔کرکٹ میں ایشین بریڈمین کے نام سے مشہور 73 سالہ ظہیرعباس نے 1970 سے 1980 کے دوران نہ صرف پاکستان کی نمائندگی کی بلکہ انگلش کاؤنٹی گلوسسٹر شائر کی جانب سے بھی کرکٹ کھیلی۔آئی سی سی کا کہنا تھا کہ 'آئی سی سی ہال آف فیم میں اب تک باقاعدہ نظام کے تحت 93 کھلاڑیوں کو شامل کیا گیا ہے، جس کے لیے کرکٹ سے کنارہ کشی اختیار کرنے والے وہ کھلاڑی اہلیت رکھتے ہیں اور وہ کھلاڑی جنہوں نے اپنا آخری میچ 5 برس پہلے کھیلا ہو'۔ظہیر عباس کے علاوہ آئی سی سی ہال آف فیم میں شامل ہونے والے دیگر کھلاڑیوں میں جنوبی افریقہ کے عظیم آل راؤنڈر جیکس کیلس اور آسٹریلیا کو ورلڈ کپ دلانی والی آل راؤنڈر لیسا استھالیکر شامل ہیں۔آئی سی سی کی ویب سائٹ میں جاری بیان میں ظہیر عباس کا کہنا تھا کہ 'فخر اور انتہائی خوشی' محسوس کررہا ہوں۔انہوں نے کہا کہ 'میں عظیم کھلاڑیوں کے ساتھ اس اعزاز پر پرجوش ہوں'۔پاکستان کے سابق عظیم بلے باز وہ واحد کھلاڑی ہیں جہنوں نے فرسٹ کلاس کرکٹ میں سنچریوں کی سنچری بنائی اور آئی سی سی کے صدر بھی رہ چکے ہیں۔ظہیر عباس کا کہنا تھا کہ 'میں اپنے خاندان، اپنے ملک پاکستان، کاؤنٹی گلوسسٹرشائر اور دنیا بھر میں موجود اپنے مداحوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں جن کی مدد سے میں یہ اعزاز حاصل کرپایا اور اعلیٰ سطح پر کرکٹ کھیلنے کا خواب پورا ہوا'۔