حسین محتشم+عظمیٰ یاسمین
پونچھ +راجوری //خطہ پیر پنچال کے متعدد علاقوں میں گزشتہ روز ہو ئی بارش کی وجہ سے موسم خوشگوار ہو گیا جبکہ خطہ کے بالائی علاقوں میں سردی بھی محسوس کی گئی ۔اس بارش سے جہاں کسان خوش ہوئے ہیں وہائیں میدانی علاقوں میں لوگوں کو گرمی سے بھی راحت ملی ہے ۔سرحدی ضلع پونچھ میں بدھ اور جمعرات کی درمیانہ شب میں محکمہ موسمیات کی موسلا دھار بارشوں کی پیش گوئی کے عین مطابق تیز ہوائین چلی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کے بعد موسم خوشگوار ہو گیا ہے۔اس دوران بالائی علاقوں میں قدرے سردی محسوس کی گئی اور لوگوں کو سردی سے بچنے کے لئے استعمال کئے جانے والے لباس پہنے ہوئے دیکھا گیا۔ پونچھ شہر میں لوگوں نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے ہوئے کہا کہ کئی ہفتوں سے موسم خشک رہنے کی وجہ سے شدید گرمی ہو رہی تھی اس دوران لوگ کئی طرح کی مشکلات سے دوچار ہو رہے تھے لیکن اب جب موسم خوشگوار ہوا ہے تو لوگ راحت محسوس کر رہے ہیں۔اس دوران تند ہوائوں اور ژالہ باری کی وجہ سے پھلوں اور سبزیوں کے نقصان کی بھی اطلاع ہے۔ضلع راجوری پونچھ کے متعدد علاقوں میں بارش ہونے سے لوگوں کو راحت ملی ہے۔ ایک طرف جہاں شدید گرمی سے عوام کو راحت نصیب ہوئی ہے تو وہیں دوسری جانب کسانوں کے چہرے بھی کھلے نظر آ رہے ہیں۔ طویل عرصے سے بارش کے انتظار کے بعد جمعرات صبح سے سہہ پہر تین بجے تک وقفے وقفے سے ہلکی سے اوسط درجے کی بارش کا سلسلہ جاری رہا۔ چونکہ یہ موسم سب ڈویژن تھنہ منڈی کے بالائی علاقوں میں مکی کی فصلیں بونے کا ہے لہٰذا اس بر موقع بارش سے کسانوں کے چہرے کھل اٹھے ہیں۔ شبیر احمد نامی ایک کسان نے کشمیر عظمی کو بتایا کہ فصل بونے کے لئے کافی دنوں سے انھیں بارش کا انتظار تھا تاہم اللہ تعالیٰ کا شکر ہے کہ بارش ہوگئی ہے جس سے نہ صرف انھیں بلکہ تمام کسان بھائیوں کو اپنی اپنی فصلیں بونے اور کھیتی باڑی کرنے کا موقع ملے گا۔