عظمیٰ مانیٹرنگ ڈیسک
جکارتہ //انڈونیشیا اور ملائیشیا میں طوفانی بارشوں کے بعد سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ 30 افراد ہلاک ہوگئے۔غیر ملکی خبر رساں اداروں کی رپورٹس کے مطابق انڈونیشیا اور ملائیشیا میں طوفانی بارشوں نے ہر طرف تباہی مچا دی۔انڈونیشیا میں موسلا دھار بارشوں سے کئی مقامات پر پل بہہ گئے، سڑکیں پانی میں ڈوب گئیں، دارالحکومت جکارتہ اور اطراف کے علاقوں میں پانی گھروں میں داخل ہو گیا۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق طوفانی بارشوں کے بعد سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کے نتیجے میں ہلاکتوں کی تعداد 27 تک جا پہنچی ہے۔دوسری جانب ملائیشیا میں طوفانی بارشوں کے بعد سیلاب، لینڈ سلائیڈنگ اور دیگر حادثات میں بھی 3 افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے جب کہ طوفانی بارشوں کے بعد سیلابی صورت حال ہے جس کی وجہ سے 80 ہزار افراد بے گھر ہو چکے ہیں۔ادھرسری لنکا میں 22 نومبر سے شروع ہونے والی بارش سے متعلق آفات سے 4 لاکھ 63 ہزار سے زیادہ لوگ متاثر ہوئے ہیں۔ ملک کے ڈیزاسٹر مینجمنٹ سینٹر (ڈی ایم سی) نے ایک رپورٹ جاری کرتے ہوئے یہ جانکاری دی۔ ڈی ایم سی نے اپنی تازہ ترین رپورٹ میں کہا کہ 25 میں سے 24 انتظامی اضلاع میں 138,191 خاندانوں کے کل 463,569 افراد سیلاب، درخت گرنے ، تیز ہواؤں اور لینڈ سلائیڈنگ سے متاثر ہوئے ہیں۔ڈی ایم سی کے مطابق، 15 افراد ہلاک ہوئے ہیں، جبکہ 20 دیگر زخمی ہوئے ہیں اور ایک لاپتہ ہے ۔ سری لنکا کے محکمہ موسمیات نے جمعہ کے روز کہا کہ جنوب مغربی خلیج بنگال میں گہرا دباؤ ایک طوفانی طوفان میں تبدیل ہو گیا ہے ۔