طوفانی بارش سے سندوٹ رابطہ پل ٹوٹ گیا | لوگوں کا دریا عبور کرنامشکل،جلد مرمت کی مانگ

جاوید اقبال
مینڈھر //مینڈھر کی بالاکوٹ تحصیل میں دھار گلون اور سندوٹ کے وسیع علاقوں کو آپسی میں جوڑنے والا واحد رابطہ پل گزشتہ دنوں ہوئی شدید بارش اور طوفانی ہوائوں کی وجہ سے تباہ ہو گیا جس کی وجہ سے اب لوگوں کا پیدل دریا عبور کرنا انتہائی مشکل ہو گیا ہے ۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ پل کے منہدم ہونے کی وجہ سے متعدد علاقوں کے عام لوگوں کیساتھ ساتھ سکولی بچوں کا راستہ منقطع ہو گیا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ کئی علاقوں کے لوگ کسی بھی مشکل وقت میں مذکورہ رابطہ پل کی مدد سے دریا عبور کر کے مینڈھر و دیگر علاقوں میں جاتے تھے لیکن اس کے ٹوٹ جانے کے بعد اب ان کو پیدل دریا عبور کرنا پڑے گا جو کہ ایک مشکل عمل بھی ہے ۔کیونکہ آئندہ کچھ ہی عرصہ میں خطہ میں برساتی موسم شروع ہونے والا ہے جس میں پیدل دریا عبور کرنا انتہائی مشکل ہوجاتا ہے ۔انہوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ جلدازجلد دریا پر تعمیر پل کی مرمت کروائی جائے تاکہ لوگوں کو دریا عبور کرنے میں آسانی پیدا ہو سکے ۔