جاوید اقبال
مینڈھر //طوطا گلی علاقے میں بھاٹہ دھوڑیاںکے ناڑ جنگلات کے قریب جموں-پونچھ نیشنل ہائی وے پر کل صبح اُس وقت ایک افسوسناک حادثہ پیش آیا، جب دو تیز رفتار ماروتی کاروں میں آمنے سامنے ٹکر ہو گئی۔ اس شدید تصادم کے نتیجے میں ایک خاتون سمیت چار افراد زخمی ہو گئے۔ واقعے کے فوری بعد قریب موجود فوجی جوانوں نے موقع پر پہنچ کر ریسکیو کارروائی کی اور زخمیوں کو آرمی ہسپتال بھمبرگلی منتقل کیا۔ہسپتال میں ڈاکٹروں نے ایک زخمی کو مردہ قرار دیا، جس کی شناخت امیت کمار ولدسکنہ سندر بنی کے طور پر کی گئی۔ باقی تین زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد بہتر علاج کے لئے گورنمنٹ میڈیکل کالج (جی ایم سی) راجوری بھیج دیا گیا۔ زخمیوں کی شناخت نیلم کماری، انشا شرما اور اجے شرما کے طور پر ہوئی ہے، جو حادثے کے وقت مختلف گاڑیوں میں سفر کر رہے تھے۔عینی شاہدین کے مطابق دونوں گاڑیاں انتہائی تیز رفتاری سے چل رہی تھیں اور ایک موڑ کاٹتے وقت قابو نہ رہنے کے باعث یہ حادثہ پیش آیا۔ ٹکر اتنی شدید تھی کہ دونوں گاڑیوں کے اگلے حصے مکمل طور پر تباہ ہو گئے۔ حادثے کے بعد جموں-پونچھ ہائی وے پر ٹریفک کچھ وقت کے لئے معطل رہی، تاہم پولیس کی بروقت کارروائی سے راستہ کلیئر کر دیا گیا۔پولیس نے موقع پر پہنچ کر قانونی کارروائی مکمل کی اور ضروری شواہد جمع کرنے کے بعد لاش کو ورثا کے حوالے کر دیا تاکہ آخری رسومات ادا کی جا سکیں۔ اس افسوسناک واقعے نے علاقے میں سوگ کی فضا پیدا کر دی ہے اور مقامی لوگ حادثے کی بنیادی وجہ تیز رفتاری اور بے احتیاطی کو قرار دے رہے ہیں۔مقامی انتظامیہ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ شاہراہ پر گاڑی چلانے کے دوران احتیاط برتیں اور مقررہ حدِ رفتار کی پابندی کریں، تاکہ ایسے دلخراش واقعات سے بچا جا سکے۔