سرینگر//جماعت اسلامی کے ترجمان اعلیٰ ایڈوکیٹ زاہد علی نے وادی کے مختلف علاقوں میں طلبا و طالبات کی طرف سے کٹھوعہ قتل وعصمت دری کیس میں عدل و انصاف کی مانگ کرنے والے طلباء و طالبات پر طاقت کا استعمال کرنے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ایک بیان میں کہا گیا کہ شوپیان، دلنہ، اوڑی، چاڈورہ، اجس بانڈی پورہ وغیرہ میں ان ریلیوں پر طاقت کا استعمال کرتے ہوئے کئی مظاہرین کو زخمی کردیاگیا اور پیلٹ کی بوچھار کرکے کئی نوجوانوں کی آنکھوں کو بری طرح متاثر کردیاگیا۔ بیان میں اسلام آباد میں مقامی پولیس چوکی کے افسر نے ایک راہ چلتی طالبہ کے ساتھ انتہائی شرمناک زبان درازی کا حوالہ دیتے ہوئے کہاکہ ایسی گندی اور غلیظ الفاظ اپنی زبان سے نکال کر انسانیت کا سر ہی شرم سے جھکادیا گیا۔ جماعت اسلامی نے پولیس کی اس کارروائی کی مذمت کرتے ہوئے اس میں ملوث اہلکاروں کے خلاف سخت کارروائی پر زور دیا ہے۔
احتجاجی طلاب پر طاقت کا استعمال حقوق البشر کی پامالی:مزاحمتی خیمہ
سرینگر// نیشنل فرنٹ ،پیروان ولایت اور محاذ آزادی نے وادی میں کٹھوعہ سانحہ کے وادی میں سراپا احتجاج طالب علموں کے خلاف پولیس اور فورسز کارروائی کی مذمت کی ہے۔نیشنل فرنٹ ترجمان نے فورسز کے ہاتھوں عام لوگوں پر ڈھائے جارہے مظالم کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔انہوں نے کہا کہ جمہوریت کی نیلم پری کے پجاری کشمیریوں کو ماتم کرنے اور جمہوری طرز پر آواز بلند کرنے کی اجازت بھی نہیں دیتے ہیں۔ ترجمان نے طالب علموںکیخلاف طاقت کے بے تحاشہ استعمال کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ظلم و زیادتیوں کا موجودہ دور کشمیر کی تاریخ کا سیاہ ترین دور کہلائے گا۔پیروان ولایت نے سانحہ کھٹوعہ کے خلاف صدائے احتجاج بلند کرنے والوں پر طاقت کے استعمال پر سخت برہمی کا اظہار کیا ہے۔ اپنے ایک بیان میں پیروان ولایت کے ترجمان نے کہا کہ پرامن احتجاجی طلاب پر طاقت کا استعمال انسانی حقوق کی کھلم کھلا خلاف ورزی ہے اور فورسز کی یہ کاروائیاں انتہائی افسوسناک اور ناقابل برداشت ہیں۔انہوں نے تعلیمی اداروں پر آئے روز تالا چڑھانے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ تعلیمی اداروں کو بند کرنا بھارت کی بوکھلاہٹ کا جیتا جاگتا ثبوت ہے۔ ترجمان کے مطابق تعلیم عام کرنے کا ڈھنڈورا پیٹنے والے منصوبہ بند سازش کے تحت کشمیری نوجوانوں اور نونہالوں کا مستقبل تاریک بنا نے میں مصروف ہیں۔محاذآزادی کے ایک دھڑے کے صدر محمد اقبال میر، نائب صدر قطب عالم،جنرل سیکریٹری جمشید عادل،سیکریٹری ارشاد حسین شاہ اور ضلع صدر اسلام آباد منظور احمد بٹ نے اپنے مشترکہ بیان میں اسلام آباد ،سوپور اور دیگر مقامات پر طالب علموںپر پولیس اور نیم فوجی دستوں کی طرف سے طاقت کے استعمال کی مذمت کی ہے ۔