دانش احمد پرے
کنزر بارہمولہ
اس بات میں کوئی شک و شبہ نہیں کہ دنیا کو گلوبل ولیج(Global Village) بنانے میں موبائل فون نے نہایت ہی کلیدی کردار ادا کیا ہے اور کر بھی رہا ہے۔ بحیثیتِ طالبِ علم اگر موبائل فون کے متعلق بات کی جائے تو یہ کہنا غلط نہ ہوگا کہ اگر ایک طالب علم موبائل فون کا مثبت اور حصولِ علم کے لیے استعمال کرے تو اُس طالب علم کا مستقبل روشن اور تابناک بن سکتا ہے۔ ایک تحقیق کے مطابق وادی میں کچھ ہی فیصد بچے ایسے ہیں جو موبائل فون کو ضرورت کے مطابق اور حصولِ علم کے لئے استعمال کرتے ہیں۔
جبکہ بد قسمتی کی بات ہے کہ طلباء کا کثیر تعداد ایسی ہے جو اپنا قیمتی وقت موبائل فون پر غیر ضروری، بے فائدہ اور فضول کاموں میں صَرف کرتے ہیں۔ طلباء کا موبائل فون کو اس قدر بے حد اور فضول کاموں میں استعمال کرنا میرے خیال سے اس لیے لمحہ فکریہ ہے کیونکہ جو وقت ایک طالبِ علم کو اساتذہ اور کتابوں کے ساتھ علم حاصل کرنے میں صرف کرنا چاہیے تھا، اُس قیمتی وقت کو وہ دن اور رات موبائل فون کا حد سے زیادہ استعمال کرنے میں ضائع اور بُرباد کر رہے ہیں۔ اس سے نہ صرف طلباء و طالبات کا وقت ضائع ہو رہا ہے بلکہ بچوں میں اخلاقی گراوٹ کا آنا کافی حد تک موبائل فون کو غلط طریقے سے استعمال کرنے کی ہی دین ہیں۔
طالب علم ہونے کی حیثیت سے میرا ماننا ہے کہ جس طرح ایک مزدور اپنا بیشتر وقت مزدوری، ملازم اپنا بیشتر وقت ملازمت اور کاروباری اپنا بیشتر وقت کاروبار کو دیتا ہے، اسی طرح ایک طالب علم کو بھی اپنی ذمہ داری کو مدنظر رکھ کر کے اپنا زیادہ تر وقت علم حاصل کرنے میں لگانا چاہیے۔ والدین نے اگر بچوں کو موبائل فون لا کر دیے ہیں تو اس کا ہرگز یہ مطلب نہیں کہ بچے دن رات اس پر اپنا قیمتی وقت ضائع کرے۔کیا آپ نے کبھی اس بات پر غور کیا ہے کہ موجودہ وقت میں کم عمر بچے ذہنی اور جسمانی امراض میں مبتلا کیوں ہیں؟
بریٹش سائیکولوجیکل سوسائٹی(British Psychological Society) کے مطابق اُن بچوں میں میں ذہنی تناؤ (Tension) اور ڈپریشن(Depression) بڑ جاتا ہے جو موبائل فون کو دن میں ایک گھنٹہ(1Hour) یا ایک گھنٹے سے زیادہ وقت کے لئے استعمال کرتے ہیں۔ یہ بھی دیکھا گیا ہے کہ بچوں میں آنکھوں کے امراض(Opthamological Diseases) میں موبائل فون کے زیادہ استعمال کرنے سے پچھلے کئی برسوں میںکافی اضافہ ہوا ہے۔
لہٰذا والدین سے میری گذارش ہے کہ اپنے بچوں کا مستقبل بچانے کے لیے اور اپنے بچوں کو مذکورہ جسمانی اور ذہنی بیماریوں سے محفوظ رکھنے کے لیے اُن کو حسبِ ضرورت ہی موبائل فون استعمال کرنے دیں، مزید طلباء و طالبات کو چاہئے کہ والدین کی دی ہوئی آزادی کا ناجائز فائدہ نہ اٹھائیں اور موبائل فون کا مناسب اور ضرورت کے مطابق حصولِ تعلیم کے لئے ہی استعمال کریں۔
رابطہ:-8803250765