بلال فرقانی
سرینگر//کے ایم ٹیکنیکل ٹریننگ اینڈ منیجمنٹ انسٹی چیوٹ کے طلاب کو سرینگر میں ایک تقریب کے دوران عزت افزائی کی گئی۔ تقریب میں ’کے ایم ٹی ٹی ایم ای‘ کے طلاب کے علاوہ کالج کے منتظمین اور اساتذہ نے شرکت کی۔ تقریب پر محکمہ فروغ ہنر کے ڈائریکٹر مہمان خصوصی تھے جبکہ این آئی ٹی کے ڈین ڈاکٹر محمد مرسلین ،کے ایم ٹیکنیکل ٹریننگ اینڈ منیجمنٹ انسٹی چیوٹ کے چیئرمین اعجاز احمد کتاب، سپر انٹنڈنٹ انجینئر جنید یاور کے علاوہ دیگر لوگ بھی موجود تھے۔ تقریب پر ہونڈا اور ایچر نامی موٹر کمپنیوں کے نمائندوں نے بھی شرکت کی اور وادی میں کے ایم ٹیکنیکل ٹریننگ اینڈ منیجمنٹ انسٹی چیوٹ کے قیام کو خوش آئندہ قرار دیا۔ تقریب میں مقررین نے فروغ ہنر پر زور دیتے ہوئے کہا کہ یہ وقت کی ضرورت ہے کہ ہنر کے فروغ سے دنیا بھر میں ایک نیا انقلاب بپا ہو۔انہوں نے طلاب پر زور دیا کہ وہ روایتی تعلیم کے ساتھ ساتھ اپنے ہنر کو بھی مزید بہتر کریں اور پیشہ وارانہ ہنر سے اپنی صلاحتوں کو سنواریں تاکہ روزگار کے اور بھی مواقع پیدا ہوں۔ انہوں نے بتایا کہ یہ ہنر ہی ہے جس سے خود کفالت کے خواب اور خود روزگار کے نعرے کو حقیقت میں تبدیل کیا جاسکتا ہے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پرائیویٹ اسکول ایسوی ایشن کے صدر انجینئر جی این وار نے منتظمین کو دیگر اضلاع میں بھی اس طرح کے کالجوں کے قیام پر زور دیا جبکہ ڈاکٹر مرسلین نے ہنر سازی کو وقت کی پکار قرار دیتے ہوئے کہا کہ ترقی یافتہ ممالک میں اس کی شرح بہتر ہے۔ تقریب پر کالج کے طلاب نے رنگا رنگ پروگرام پیش کئے۔ انہیں بعد میں اعزازات سے نوازا گیا۔ تقریب میں کشمیر ٹریڈرس اینڈ مینو فیکچرس فیڈریشن کے چیئرمین ابرار خان، طلاب کونسلر ڈاکٹر توصیف، سی آر پی ایف کے مقامی کمانڈنٹ اور مختلف تعلیمی اداروں کے اساتذہ نے بھی شرکت کی۔کے ایم ٹیکنیکل ٹریننگ اینڈ منیجمنٹ انسٹی چیوٹ2019میں شہر کے وسط میںسمندر باغ میں قائم کیا گیا،جہاں مکمل طور پر تکنیکی تعلیم و تربیت فراہم کی جاتی ہے۔