اسلام آباد(اننت ناگ)//امت اسلامی کے چیئرمین اور جنوبی کشمیر کے میرواعظ قاضی احمد یاسر نے کہا ہے کہ طاقت کے بل پر کشمیری قوم کو ہرانا ممکن نہیں ہے۔ جامع مسجد ولرہاما میں خطاب کرتے ہوئے قاضی احمد یاسرنے کہاکہ کشمیر میں دن بہ دن شہری ہلاکتوںکا بازار گرم کیا جارہا ہے اور کشمیری عوام تیسری نسل کو گنوانا نہیں چاہتی۔ انہوںنے کہاکہ کشمیری عوام نے اپنی آزادی کیلئے اپنی قیمتی جانوں کا نذرانہ پیش کرکے یہ ثابت کر دیا ہے کہ طاقت کے بل بوتے پر کشمیری عوام کو ہرانا ناممکن ہے۔ قاضی یاسر نے کہا کہ فوج نے امسال 100سے زیادہ کشمیری نوجوانوں کو ماردیا لیکن اس کے با وجود 120سے زائد نوجوانوں نے بندوق اٹھالئے ہیں حالانکہ نوجوانوں کومارنا لمحہ فکریہ ہے لیکن بھارتی حکومت نے سخت گیری کا راستہ اختیار کیاہے اور ایسے میں جب مذاکرات کے لئے سارے دروازے بند کر دئے گئے ہوں توایسے میں نوجوانوں کو بندوق کے راستے پر چلنے کے لئے مجبور کیا جا رہا ہے۔میرواعظ قاضی یاسر نے 35A پر بات کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر کی زمین اور یہاں کے لوگوں کے مستقبل کا فیصلہ دلی اور ہندوستان کی باقی ریاستوں میں بیٹھے سیاستدان اور انکے کارکن نہیں بلکہ کشمیری عوام کر سکتی ہے۔۔قاضی یاسر نے کہاکہ امت اسلامی جنوبی کشمیر کے ہر حصہ میں35A پر مزاحمتی قیادت کی حمایت کرے گی۔ انہوں نے کہا کشمیر تو دور ہندوستان کو کشمیرکی زمین کا ایک حصہ نہیں کھانے دینگے ، یہاں پر ہندوستانی فوج مہمان بن کر آئی ہے اور مہمان ایک وقت کے بعد گھر سے نکل ہی جاتا ہے۔قاضی یاسر ینڈ پہلگام جاکر عارف احمد کے گھر گئے اور انہیں خراج عقیدت ادا کیا انہوںنے جنوبی کشمیر کے مختلف علاقوں میں شبانہ چھاپوں ، گرفتاریوں کے بڑھتے ہوئے واقعات پر تشویش کااظہار کرتے ہوئے کہاکہ صرف کیموہ کولگام میں50سے زائد نوجوانوں کو گرفتار کیا گیا ہے ۔