عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// جموں و کشمیر بورڈ آف سکول ایجوکیشن (جے اینڈکے بوس) نے دسویں جماعت کے سالانہ / ریگولر اِمتحانات 2025 (اکتوبر۔نومبر سیشن) کے بقیہ مضامین کے لئے نظرثانی شدہ ڈیٹ شیٹ جاری کیا ہے۔بڈگام اور نگروٹہ اسمبلی حلقوں میں 11 ؍نومبر کو ہونے والے اسمبلی ضمنی اِنتخابات کی وجہ سے ڈیٹ شیٹ پر نظر ثانی کی ضرورت پڑ گئی۔ نظرثانی شدہ ڈیٹ شیٹ کے مطابق ووکیشنل مضامین کا اِمتحان اب 6 ؍نومبر کو ہوگا جس کے بعد سائنس کا اِمتحان 13 ؍نومبر کو منعقد کیا جائے گا۔اردو اور ہندی مضامین کا اِمتحان 17 ؍نومبر کو ہوگا جبکہ کمپیوٹر سائنس کا اِمتحان اَب 19 ؍نومبر کو لیا جائے گا۔انگریزی کا اِمتحان 20 ؍نومبر کو اور ہوم سائنس کا اِمتحان 23 ؍نومبر کو ہوگا۔اِسی طرح اِضافی و اختیاری مضامین جیسے کشمیری، ڈوگری، بھوٹی، پنجابی، عربی، اردو، ہندی، فارسی اور سنسکرت شامل ہیں، کا اِمتحان 24 ؍نومبر کو لیا جائے گا جبکہ 25؍ نومبر کو موسیقی اور 26؍نومبر کو سوشل سائنس مضمون کا اِمتحان ہوگا اور اِمتحان 27 ؍نومبر کو ختم ہوگا جس دن پینٹنگ ، آرٹ اینڈ ڈرائنگ کا اِمتحان لیا جائے گا۔ بورڈ نے طالب علموں پر زور دیا ہے کہ وہ گھبرائے بغیر نظر ثانی شدہ ڈیٹ شیٹ کے مطابق اِمتحان کی تیاری کریں۔