پونچھ//ضلع ہسپتال پونچھ میں ضروری سہولیات کی عدم دستیابی اور معقول اسٹاف نہ ہونے سے عوام کو دقتوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے اور وقتاً فوقتاً عوام کو اپنے بیماروں کو لے کر جموں یا پھر سرینگر کے ہسپتالوں کا رخ کرنا پڑ رہا ہے۔ لوگوں کے مطابق ہسپتال انتظامیہ بے حسی کا شکار ہے ۔ہسپتال میں مریضوں کے علاج ومعالجے کے لیے جو اسٹاف موجود ہے وہ ناکافی۔اس ضمن میں بات کرتے ہوئے نیاز شاہ نامی ایک سماجی کارکن نے کہا کہ ضلع ہسپتال کا سائن بورڈ لگانے سے ہسپتال کا نظام ٹھیک نہیں ہو سکتا ہے بلکہ اس کے لیے ضلع معیار کے مطابق طبی اور نیم طبی عملے کی فراہمی اور لازمی مشینری فراہم کرانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ تاہم ایسا نہیں کیا جا رہا ہے جس کا خمیازہ یہاں کے غریب عوام کو بھگتنا پڑ رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ یہاں تعینات مختصرعملہ بیماروں کی دیکھ بھال اچھے ڈھنگ سے نہیں کر پاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جو سہولیات ضلع ہسپتال میںدستیاب ہونی چاہیے وہ موجود نہیں ہیں اگرچہ ہسپتال کا عملہ پوری کوشش کرتا ہے کہ مریضوں کا علاج ہو لیکن سہولیات کی عدم فراہمی کی وجہ سے مریضوں کو آخری لمحات میں جموں ،راجوی، سرینگر یا پھر بیرون ریاست منتقل کرنا پڑتا ہے جو کہ بہت ہی خطرناک ثابت ہو سکتا ہے۔انہوں نے بتایا کہ ہسپتال میں سٹاف کی کمی اور ضروری مشینری کی کمی نے سارے نظام کو مفلوج کر کے رکھ دیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ سرحدوں پر گولہ باری کے دوران زخمی ہونے والے افراد کو یہاں لایا جاتا ہے جن میں سے اکثر ریفر کر دیے جاتے ہیں۔واضح رہے کہ ہسپتال انتظامیہ پہلے ہی ایک فائل محکمہ کو بھیج رکھی ہے اور انھیں امید ہے کہ جلد ہی یہاں معقول اسٹاف کو تعینات کیا جائے اور جدید مشینری بھی فراہم کی جائے۔