عاصف بٹ
کشتواڑ//ضلع کشتواڑ پولیس نے ضلع کے مختلف تھانوں بشمول کشتواڑ ،چھاترو،اٹھولی، دچھن اور واڑون میں تھانہ دیوس کا کامیابی سے اہتمام کیا ۔ اس تقریب کا انعقاد ایس ایس پی کشتواڑ عبدالقیوم کی نگرانی میں کیا گیا جبکہ اے ایس پی کشتواڑ کو متعلقہ ایس ڈی پی اوز اور تھانوں کے ایس ایچ اوز نے مربوط کیا تھا۔تھانہ دیوس پروگرام میں شرکاء کے ایک متنوع گروپ نے شرکت کی جس میں سول سوسائٹی کے اراکین ،دکاندار ایسوسی ایشنز اور متعلقہ علاقوں سے تعلق رکھنے والے دیگر معزز افراد شامل تھے۔ ان ملاقاتوں کے دوران شرکاء نے مختلف مسائل اٹھائے جنہیں پولیس افسران نے توجہ سے سنا۔ افسران نے عوام کو یقین دلایا کہ پولیس سے متعلق خدشات کو ترجیحی بنیادوں پر دور کیا جائے گااورجن مسائل کو سول انتظامیہ کی مداخلت کی ضرورت ہوتی ہے ان کو فوری طور پر حل کے لیے بھیج دیا جائے گا جس میں شرکاء کو فیڈ بیک شامل کیا جائے گا۔ اپنے پیغام میں ایس ایس پی کشتواڑ عبدالقیوم نے شرکاء کا خیرمقدم کیا اور امن و امان کو برقرار رکھنے میں پولیس اور انتظامیہ کے ساتھ تعاون جاری رکھنے کی اپیل کی۔انہوں نے عوام پر زور دیا کہ وہ علاقے میں ملک دشمن اور سماج دشمن عناصر کے ساتھ ساتھ منشیات فروشوں کی شناخت میں مدد کریں۔ شرکاء کو سائبر کرائم کے بڑھتے ہوئے رجحان اور سائبر جرائم پیشہ افراد کے استعمال کے طریقوں کے بارے میں بھی آگاہ کیا گیا۔