ڈوڈہ//پولیس اور عوام کے درمیان تعلقات اور روابط کو مضبوط بنانے اور عوامی مسائل بارے جانکاری حاصل کر کے ان کا ازالہ کروانے کے مقصد سے ڈی ایس پی ہیڈ کوارٹر ڈوڈہ افتخار احمد نے اے سی آر ڈوڈہ طارق حسین نیائک کے ہمراہ گندنہ علاقہ میں ایک پولیس پبلک میٹنگ کا انعقاد کیا جس میں مقامی سرپنچوں، پنچوں اور اقہ کے دیگر معززین کے علاوہ عام لوگوں نے بھی شرکت کی۔میٹنگ کے دوران مقامی لوگوں نے جن مسائل کو خصوصیت کے ساتھ اْجاگر کیااور کو مطالبات سامنے رکھے اْن میں دھڑا تا گندنہ سڑک کی کشادگی اور اْس پر بلیک ٹاپ کرنا، سڑک کی زد میں آنے والی زمینوں کے مالکان کو معاوضہ فراہم کرنا، گندنہ جو ضلع ہیڈکوارٹر سے 40 کلومیٹر دور ہے، میں کرائم پولیس پوسٹ قائم کرنا، علاقہ میں بلا تعطل پانی اور بجلی کی فراہمی وغیرہ شامل ہیں۔لوگوں نے خواتین اور جواں سال لڑکیوں کے پراسرار طور بال کاٹنے کی وارداتوں پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے پولیس انتظامیہ پر زور دیا کہ ان وارداتوں پر روک لگائی جائے اور اس میں ملوث عناصر کو بے نقاب کر کے اْن کے خلاف سخت کاروائی عمل میں لائی جائے۔ڈی ایس پی ہیڈکوارٹر نے لوگوں کے مسائل اور مطالبات کو بغور سْنا اور اْنہیں یقین دلایا کہ پولیس سے متعلق اْن کے مسائل کا ازالہ ترجیحی بنیادوں پر کیا جائے گا اور اْن کے دہگر مطالبات کو متعلقہ حکام کی نوٹس میں لا کر پورا کروانے کی کوشش کی جائے گی۔خواتین کے بال کاٹنے کی وارداتوں کے بارے میں اْنہوں نے کہا کہ پولیس اس سلسلہ کی تمام وارداتوں کی تحقیقات کر رہی ہے اور بہت جلد اس کی حقیقت سامنے لائی جائے گی اور ان وارداتوں میں ملوث عناصر کو بے نقاب کیا جائے گا۔اْنہوں نے عوام سے علاقہ میں امن امان کی صورت حال اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو بنائے رکھنے اور آپسی بھائی کو مضبوط بنانے کی اپیل کی۔لوگوں نے اس قسم کی میٹنگوں کے انعقاد پر پولیس کا شکریہ ادا کرتے پوئے اس سلسلے کو مزید وسعت دینے پر زور دیا ہے۔