اشتیاق ملک
ڈوڈہ//ڈپٹی کمشنر ڈوڈہ، ہرویندر سنگھ نے ہفتہ کے روز کہا کہ ضلع بھر میں اجتماعات پر پابندیاں برقرار ہیں جبکہ حفاظتی معائنہ کے بعدکل یعنی پیر سے سکول دوبارہ کھلنے کی امید ہے۔میڈیا کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے ڈی سی ہرویندر نے کہا’’دفعہ 163کے تحت پابندیاں، جو کہ پانچ سے چھ سے زیادہ لوگوں کے جمع ہونے پر پابندی لگاتی ہیں، پورے ضلع میں جاری ہیں‘‘۔اُنکاکہناتھا’’ایک واضح پیغام پہنچایا گیا ہے کہ لوگوں کو صرف ضروری سامان خریدنے کے لیے باہر نکلنا چاہیے اور غیر ضروری طور پر جمع ہونے کی کسی بھی کوشش سے گریز کرنا چاہیے‘‘۔سکولوں کے دوبارہ کھلنے پر انہوں نے کہا کہ جیسا کہ میں نے پہلے بتایا کہ سکولوں میںمعائنہ جاری ہے کیونکہ شدید بارشوں سے کافی نقصان ہوا ہے، ہر ادارے کا معائنہ کرنا ضروری تھا، یہ انسپکشن کل شام تک مکمل ہو جائیں گے اور پیر سے ہم بچوں کو بحفاظت واپس سکول جاتے دیکھ سکیں گے۔ڈی سی نے جعلی خبروں سے بھی خبردارکرتے ہوئے کہا’’ہمیں غلط معلومات پھیلانے کے بارے میں اطلاعات موصول ہو رہی ہیں۔ میں ہر ایک سے، خاص طور پر والدین سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ بچوں کی رہنمائی کریں کہ وہ جعلی خبروں پر توجہ نہ دیں۔سنگھ نے کہا’’ڈوڈہ پرامن ہے، اور لوگوں نے مکمل تعاون کیا ہے۔ ہمیں باہر گردش کرنے والی جھوٹی داستانوں کے خلاف چوکنا رہنا چاہیے‘‘۔