عظمیٰ نیوزسروس
جموں//وزیر برائے جل شکتی محکمہ جاوید احمد رانا نے کہا کہ حکومت نے ضلع سانبہ میں جل جیون مشن (جے جے ایم) کے تحت 391.57 کروڑ روپے کی لاگت سے 130 واٹر سپلائی اسکیمیںشروع کی ہیں۔وزیرموصوف ایوان میں رُکن اسمبلی سرجیت سنگھ سلاتھیہ کی طرف سے اُٹھائے گئے ایک سوال کا جواب دے رہے تھے۔اُنہوں نے ایوان کو بتایا کہ 391.57کروڑ روپے کے مقابلے اب تک 179.10 کروڑ روپے خرچ کئے جا چکے ہیں۔وزیر نے کہا کہ اَب تک 83 سکیمیں مکمل ہو چکی ہیں جبکہ باقی مختلف مراحل میں ہیں اور انہیں مشن کی مقررہ مدت کے اندر مکمل کیا جائے گا بشرطیکہ مرکزی حکومت کی جانب سے سی ایس ایس کے تحت مطلوبہ فنڈز جاری کئے جائیں اور یونین ٹیریٹری کمپوننٹ کے تحت متعلقہ رقم فراہم کی جائے۔اُنہوں نے ضلع سانبہ کے حلقے میں جاری واٹر سپلائی سکیموں کے حوالے سے کہا کہ اِس وقت 76 سکیمیں زیرِ تکمیل ہیں جن میں سے 54 سکیمیں جل جیون مشن کے تحت ہیںجن کی تخمینی لاگت 160.92 کروڑ روپے ہے۔ اِن میں سے اَب تک 80.69 کروڑ روپے خرچ کئے جا چکے ہیں، 36 سکیمیں مکمل ہو چکی ہیں جبکہ 18 سکیمیں مختلف مراحل میں ہیں۔اُنہوں نے کہا کہ اِسی طرح کیپکس اور نبارڈ کے تحت 22 سکیمیں اورکام 21.82 کروڑ روپے کی لاگت سے شروع کئے گئے ہیں جن میں سے 11.57 کروڑ روپے خرچ ہو چکے ہیں، 17 اسکیمیں مکمل ہو چکی ہیں جبکہ باقی مختلف مراحل میں ہیں۔اِس موقعہ پر رُکن اسمبلی چندر پرکاش گنگا نے اِس معاملے میں ضمنی سوالات اٹھائے۔