محمد تسکین
بانہال // بانہال اور رام بن کے میدانی علاقوں میں پچھلے پانچ روز سے وقفے وقفے کی بارشوں کا سلسلہ ہفتے کے روز بھی جاری رہا اور ہفتے کی صبح سے باقی دنوں کے مقابلے میں قدرے ذیادہ بارشیں ہوئی ہیں۔اس دوران علی الصبح سے بانہال کے مہو منگت ، جواہر ٹنل ٹاپ اور پیر پنجال کے پہاڑی سلسلوں میں تازہ برفباری ہوئی ۔ رام بن ضلع کے میدانی علاقوں میں ہفتے کی صبح سے ہی بارشوں اور برفباری کے پیش کا سلسلہ شام تک جاری تھا اور ہفتے کی علی الصبح سے جواہر ٹنل کے آرپار ، مہو منگت ، کڑجی ، سراچی ، ، چنجلو ، ڈولیگام ، بنکوٹ ، نیل ، پوگل پرستان ، سینابتی ، راج گڑھ اور گول گلاب گڑھ تحصیل کے بالائی علاقوں میں وقفے وقفے سے تازہ برفباری ہوئی ہے اور ہلکی ہلکی برفباری کا یہ سلسلہ رک رک کر شام تک جاری تھا ۔برفباری اور شدید بارشوں کی وجہ سے کئی علاقوں کو جانے والی سڑکیں منقطع ہوگئی ہیں اور نالہ بشلڑی سمیت کئی ندی نالوں میں پانی کی سطح بڑھ گئی ہے ۔