کشتواڑ//ضلع کشتواڑ کے بلاک ٹھاکرائی میں گذشتہ روز ڈپٹی کمشنر کشتواڑ کی جانب سے عوامی دربار کے دوران گرام سیوک کے ساتھ بد سلوکی کو لیکر ریاست کے دیگر حصوں کی طرح محکمہ دیہی ترقی اور پنچایت راج کے ملازموں نے قلم چھوڑ ہڑتال کی۔اطلاعات میں بتایا گیا ہے ریاست گیر ہڑتال کی یہ کال ایم جی نریگا ایسوسی ایشن نے دی ہے یاد رہے کہ ڈی سی کشتواڑ نے بھرے عوامی دربار میں جی آر ایس بٹوکمار کے خلاف نازیہ الفاظ استعمال کئے تھے۔ہڑتال کی اس کال کے نتیجہ میں محکمہ دیہی ترقی بشمول وی ایل ڈبلیو اور ایم پی ڈبلیو ایسو سی ایشن جے ای ایسو سی ایشن ٹیکنیکل سٹاف ایسو سی ایشن اور محکمہ کے کلریکل سٹاف ایسو سی ایشن نے بھی اس ہڑتال کی حمایت کی اور پر امن احتجاج بھی کیا۔ہڑتال کے نتیجہ میں کشتواڑ کے تمام بلاک دفاتر میں کام بند رہا۔دریں اثنا متعدد یونینوں اور سیاسی و سماجی تنظیموں نے بھی آر ڈی ڈی ملازموں کی ہڑتال کی کال کی حمایت کی۔