رام بن//ضلع ترقیاتی کمشنر رام بن طارق حُسین گنائی نے میترا کے کانفرنس ہال میںضلع و تحصیل افسران کی ایک تعارفی میٹنگ منعقد کی۔میٹنگ میں اے ڈی ڈی سی رویندر کمار ساہو ،اے ڈی سی انگریز سنگھ رانا ،پی او آئی سی ڈی ایس اشوک پنڈتا ،اے سی آر وویک پوری ،سی پی او اوتم سنگھ، سی ایم او، سی ای او، ایگزیکٹو انجینئران اورمختلف محکموں کے ضلع افسران نے بھی شرکت کی۔ ضلع آفسران کے ساتھ تبادلہ خیال کرتے ہوئے ضلع ترقیاتی کمشنر نے تمام ضلع و تحصیل افسران کو پبلک ڈیلوری سسٹم میں بہتری لا کر لوگوں کو ان کی چوکھٹ پر ہی گورننس مہیا کرنے اور دوستانہ ورک کلچر پیدا کرنے کی ہدایت دی،تاکہ لوگوں کو مختلف بہبودی سکیموں کا فائدہ بغیر کسی پریشانی کے حاصل ہوں۔انہوں نے لائق خدمات کے ماپ تول یعنی کہ دفاتر میں باقاعدگی اور حاضری یقینی بنانے کی بھی ہدایت دی۔انہوں نے افسران کو باقاعدگی سے اپنے فیلڈ میں اور کام کرنے والی جگہوں کا دورہ کرنے کی بھی ہدایت دی تاکہ پروجیکٹوں کی بر وقت تکمیل یقینی بنائی جا سکے۔ دریں اثنا اُنہون نے امر ناتھ یاترا 2017کے سلسلہ میں کئے گئے انتظامات کا بھی جائزہ لیا اور یاترا احسن طریقہ سے منعقد کرنے کی ہدایت دی۔ اُنہوں نے پی ایچ ای، پی ڈی ڈی ، پی ڈبلیو ڈی، میونسپل کمیٹی ،سی اے اینڈ پی ڈی و دیگر محکموں کو یاترا کامیاب اور آرام دہ بنانے کے لئے اپنی کاوشوں میں تیزی لانے کی ہدایت دی۔اُُنہوںنے لوگوں کی شکایات کا ازالہ کرنے کے لئے ایس ڈی ایم کو عوامی شکایات کیمپ منعقد کرنے کی بھی ہدایت دی۔