اکھڑال// تحصیل پوگل پرستان کے عوام کو درپیش مشکلات کا جائزہ لینے کیلئے ضلع ترقیاتی کمشنر رام بن محمد اعجاز نے آج ڈی ڈی ٹھاکور میموریل کیمونٹی ہال بڑو میںآج لوگوں کو درپیش مشکلات کا ازالہ کرنے کے سلسلے میں ایک کیمپ کاانعقاد کیا۔اس کیمپ میں اکھڑال ، پوگل پرستان اور دیگر ملحقہ علاقوں کے کافی تعداد میں لوگوں نے حصہ لیا اور اپنے درپیش مسائل بشمول پینے کے پانی بجلی کی سپلائی، سڑک رابطوں کو بہتر بنانے اور راشن کی بروقت سپلائی کے بارے میں ضلع ترقیاتی کمشنر کوآگاہ کیا ۔ضلع ترقیاتی کمشنر نے اس موقعہ پر عوام سے کہا کہ انتظامیہ ان کے مسائل کے ازالہ کے لئے موثر قدم اٹھارہی ہے اور لوگوں کو ان کے گھروں تک بہتر بنیادی سہولیات فراہم کرنے کے لئے (PDGA) اور سنگل ونڈوسسٹم کے تحت شروع کی گئی سکیموں سے بھرپور فائدہ اٹھانے کیلئے آگے آئیں۔ ڈی ڈی سی نے حکام سے کہا کہ وہ عوام کو ان سکیموں کے بارے میں جانکاری فراہم کرنے کے لئے ضلع بھر میں ہمہ گیر مہم شروع کریں تاکہ ہر خاص وعام کو ان سکیموں کے بارے میں جانکاری مل سکے ۔انہوں نے نو جوانوں سے کہا کہ وہ بے روزگاری کے مسئلے کو حل کرنے کیلئے ’’سٹینڈ اپ انڈیا‘‘،’’سٹارٹ اپ انڈیا‘‘جیسی ا سکیموں سے استفادہ حاصل کریں۔ ضلع ترقیاتی کمشنر نے عوام سے کہا کہ وہ اپنے ا قتصادی حالت کو بہتربنانے کیلئے باغبانی کو ایک پیشے کے طورپر اپنائیں ۔ انہوںنے چیف ایگریکلچر اور چیف ہارٹی کلچر افسروں کو ہدایات دیں کہ وہ کسانوں کو باغبانی اور زراعت کے جدید ترین سائنسی طریقوں کے بارے جانکاری فراہم کرنے کے لئے اوکھڑہال میں کیمپوں کاانعقاد کریں۔ انہوں نے کسانوں سے کہا کہ حکومت کی طرف سے شروع کی گئی سکیموں سے بھرپور استفادہ کریں اس دوران اعجاز نے پرستان اور سینا بھتی میںجاری متعدد ترقیاتی کاموں کا بھی جائزہ لیا ۔ ضلع ترقیاتی کمشنر کے ہمراہ ڈسٹرکٹ پروگرام آفیسر اشوک پنڈتا ، اے سی ڈی جہانگیر کھانڈے، اے سی آر وویک پوری ، سی اے او محمد شریف ، ضلع ایگری کلچر آفیسر کے کے کول، ڈپٹی سی ایم او ڈاکٹر اقبال بٹ، ایگزیکٹیو انجینئرز پی ڈبلیو ڈی، پی ڈی پی ، ضلع سوشل ویلفیئر آفیسر ،ڈسٹرکٹ یوتھ سروسز اینڈ سپورٹس آفیسر ، سی ڈی پی اوز ، بی ڈی اوز ، تحصیل دار اور دیگر افسران بھی تھے۔ اس موقعہ پر لوگوں نے جن اہم مسائل کو ابھارا ان میں پرائمری ہیلتھ سنٹر اکھڑہال کو اپ گریڈ کرنا، سینابھتی میں پی ایچ سی کے تعمیراتی کام کو جلد مکمل کرنا اوکھڑہال میں بس سٹینڈ کی تعمیر ،گورنمنٹ ہائی سکول پوگل کی اپ گریڈیش ٹھیکیداروں کی جانب سے مکمل کئے گئے کاموں کی التو ا میں پڑی ہوئی رقومات کی جلد واگذاری ، بڑو کمیونٹی ہال کی تعمیر ، اکھڑہال میں گرڈ سٹیشن کی تعمیر کاکام جلد شروع کرنے ، گورنمنٹ ہائر سکنڈری اکھڑہال میں پرنسپل اور دیگر تدریسی عملہ کی خالی پڑی آسامیوں کو جلد پرُ کرنے اور راشن کارڈوں کی درستگی شامل ہے ۔ ضلع ترقیاتی کمشنر عوام مسائل کو غور سے سنا اور جائز مانگوں کو حل کرنے کا یقین دلایا ۔