بانڈی پورہ//نیشنل کانفرنس کے ایک لیڈرایڈوکیٹ نظیر احمد ملک نے ضلع بانڈی پورہ میں مختلف ترقیاتی کاموں کی عمل آوری میں سست رفتاری پربرہمی کا اظہارکرتے ہوئے کہا ہے کہ ضلع میںسیاحتی شعبہ مکمل طور نظر انداز کیاگیا ہے۔اپنے ایک بیان میں ایڈوکیٹ ملک نے کہا کہ ضلع بانڈی پورہ جموں کشمیر کا واحد علاقہ ہے جس کی سیاحتی لحاظ سے اپنی ایک الگ پہچان ہے ۔انہوں نے کہا کہ جھیل ولر،آٹھوتو ، چتر نار اورزین لانک اپنی ویرانی کی داستان آپ ہی بیان کرتے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ بانڈی پورہ قدرتی طور سیاحتی مقامات سے مالامال ہونے کے باوجود سیاسی نمائندوں کی سیاست کے سبب ابھی تک سیاحتی نقشے پر نہیں ہے۔ایڈوکیٹ ملک نے کہا کہ بانڈی پورہ ضلع کے تئیں سرکار کی غیر سنجیدگی کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ آٹھوتو علاقے میں چار کروڑ روپئے سے تعمیرکیا گیا ٹورسٹ رسپشن سینٹر کی عمارت پچھلے دو سالوں سے افتتاحی رسم کے انتظار میں ہے ۔انہوں نے کہا کہ بانڈی پورہ کو بھی سیاحتی نقشے پر لایا جائے تاکہ یہاں کے بے روزگار نوجوانوں کے لئے روزگار کے وسائل پیدا ہوں۔