محمد تسکین
بانہال//جموں سرینگر قومی شاہراہ رام بن سیکٹر میں 12 سے 17 جون تک رات کے اوقات میں ٹریفک کے لیے بند رہے گی تاکہ فوری مرمت اور دیکھ بھال کے کاموں میں آسانی ہو۔ضلع انتظامیہ نے جموں سرینگر قومی شاہراہ پر ناچلانہ سمیت مختلف مقامات پر سڑک کی ریلیئنگ (Relaying) اور دیگر تعمیراتی کاموں کی انجام دہی کے لیے رات کے اوقات میں عارضی طور پر ٹریفک معطل رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔شاہراہ کی بہتری کے یہ اقدامات 3 جولائی سے شروع ہونے والی امرناتھ یاترا کے پیش نظر کیا جا رہا ہے تاکہ ٹریفک کی روانی بغیر کسی خلل کے جاری رکھی جا سکے ۔
ایڈیشنل ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ رام بن کی جانب سے جاری کردہ حکمنامے کے مطابق نیشنل ہائی وے اتھارٹی آف انڈیا کے پروجیکٹ ڈائریکٹر رام بن نے انتظامیہ کو مطلع کیا کہ شاہراہ پر مختلف مقامات بالخصوص ناچلانہ کے مقام پر سڑک کی مرمت اور ریلیئنگ کا کام انجام دیا جانا ہے۔ کام کی بروقت تکمیل اور عوامی تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے ٹریفک کی عارضی ریگولیشن ضروری قرار دی گئی ہے۔حکمنامے کے مطابق نیشنل ہائی وے کے مذکورہ حصے 12 اور 13 جون، 14 اور 15 جون، نیز 16 اور 17 جون 2026 کی درمیانی رات 10 بجے سے صبح 5 بجے تک مکمل طور پر بند رہیں گے ۔ انتظامیہ نے این ایچ اے آئی کو ہدایت دی ہے کہ تعمیراتی کام مقررہ مدت میں مکمل کریں اور موقع پر حفاظتی اقدامات، انتباہی بورڈز اور بیریکیڈنگ کا مناسب انتظام یقینی بنایا جائے تاکہ مسافروں کو کسی قسم کی دشواری یا حادثے کا سامنا نہ کرنا پڑے۔حکمنامے میں سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس رام بن اور سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس ٹریفک نیشنل ہائے وے رام بن کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ مذکورہ احکامات پر عمل درآمد کو یقینی بنائیں اور ٹریفک کی موثر نگرانی کریں۔