یروشلم // ہمت و مزاحمت کی علامت سمجھی جانے والی فلسطینی لڑکی احد تمیمی کو اسرائیلی فوجیوں کو تھپڑ مارنے کے جرم میں 8 ماہ قید کے بعد آج صبح رہائی مل گئی۔تفصیلات کے مطابق اسرائیلی فوجیوں کے سامنے مزاحمت کرتے ہوئے فوجیوں کو تھپڑ رسید کرنے والی احد تمیمی کو 8 ماہ بعد قید کی صعوبتیں برداشت کرنے کے بعد اسرائیلی جیل شیرون سے آج صبح رہا کردیا گیا ہے۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ اسرائیلی جیل میں آٹھ ماہ کی اذیتوں اور مصیببتوں کے باوجود نوجوان احد تمیمی کے صبر و استقامت میں کوئی کمی یا واقع نہیں آئی۔اسرائیلی میڈیا کے مطابق اسرائیل کے حکومتی ارکان کی جانب سے بھی بہادر لڑکی احد تمیمی کی رہائی کی تصدیق کردی ہے۔غیر ملکی خبر رساں ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے اسرائیل کی جیل خانہ جات کے حکام نے بتایا کہ آج صبح فلسطینی لڑکی احد تمیمی اور اس کی والدہ کو مغربی کنارے پر آباد ان کے گاؤں نبی صالح روانہ کردیا تھا۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ ہمت و مزاحمت کی علامت سمجھی جانے والی فلسطینی لڑکی احد تمیمی نے جیل سے رہائی کے بعد اہم پریس کانفرنس کرنے کا اعلان کیا ہے، خیال رہے کہ احد تمیمی اور ان کا پورا گھرانہ فلسطین سمیت دنیا بھر میں سماجی کارکن اور مزاحمت کار کے طور پر پہنچانے جاتے ہیں۔