عظمیٰ نیوزسروس
سرینگر// کشمیر کے معروف صوفی شاعر احد زرگر کا سالانہ یاد ان کی جائے پیدائش نرورہ میں منایاگیا۔ تقریب کا اہتمام احد زرگر میموریل ریسرچ سینٹر نے محکمہ اطلاعات کے ثقافتی یونٹ کے تعاون سے کیا تھا۔اس موقع پر کشمیر کے معروف لوک گلوکار عبدالغفار کانیہامی نے احد زرگر کا صوفی کلام پیش کیا۔تقریب میں علمائے کرام، شاعروں اور ادبی شخصیات کی ایک کہکشاں نے شرکت کی۔یہ خیال کیا جاتا ہے کہ زرگر نے 20 سال کی عمر میں انتہائی پرجوش صوفی شاعری کا آغاز کیا۔نامور سکالرز نے اپنے خطابات میں احد زرگر کی زندگی اور شاعری پر روشنی ڈالی۔ زرگر لالہ دید اور نند ریشی جیسے صدیوں پرانے صوفیاء کے بعد روایتی صوفی شاعری کو جاری رکھنے کے لیے ایک چمکدار شخصیت تھے۔احد زرگر میموریل ریسرچ سنٹر نے محکمہ اطلاعات کے ثقافتی یونٹ کو ایسے پروگراموں کے انعقاد اور تعاون کے لیے سراہا جہاں تصوف اور مقامی ثقافت کو فروغ دیا جاتا ہے۔