سرینگر//صورہ علاقہ میں سٹریٹ لائٹس بیکار اور خراب ہونے سے غروب آفتاب کے بعد لوگوں کا باہر نکلنا مشکل ہوگیا ہے ۔صورہ سے 90فٹ روڑ،صورہ سے نوہٹہ لال چوک سڑک اور علی جان روڑ زونی مر صفاکدل روڑ پر نصب سینکڑوں سٹریٹ لائٹس بیکار اور ناکارہ ہوچکی ہیں۔لوگوںکا کہنا ہے کہ اس سلسلے میں محکمہ بجلی اور میونسپل کارپوریشن کے اعلی حکام سے سٹریٹ لائٹس کوٹھیک کرنے کی فریاد بھی کی گئی لیکن صورتحال جوں کے توں ہی ہیں۔صورہ سے لال چوک نوہٹہ سڑک پر نصب سٹریٹ لائٹس ہر اس جگہ پر بیکار ہوچکی ہیں جہاں پر ان کی اشد ضرورت ہے۔ویژر ناگ چوک،نوشہرہ چوک،حول اور علمگیری چوک کے ساتھ ساتھ جگہ جگہ نصب سٹریٹ لائٹس ناکارہ ہوچکی ہیں۔صورہ سے 90 فٹ پاندچھ سڑک پر نصب تمام سٹریٹ لائٹس ٹوٹ چکی ہیںجبکہ یہی حالت علی جان سڑک پر موجود سینکڑوں سٹریٹ لائٹس کا بھی ہے جبکہ بجلی کی ترسیلی لائینیں بھی بیکار ہوچکی ہیں۔ علی جان روڑ پر مقامی شہریوں نے کشمیر عظمی کو بتایا کہ غروب آفتاب کے ساتھ ہی اندھیراچھا جانے کے ساتھ ہی چاروں طرف ویرانی اور خوف کا ماحول قائم ہوجاتا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ گلی کوچوں میں کتوں کی بھرمار موجود رہتی ہے اور اندھیرا ہونے کی وجہ وہ گھروں سے باہر نکلنے میں خوف محسوس کرتے ہیں ۔لوگوں نے کہا کہ انہوں نے محکمہ بجلی اور میونسپل کارپوریشن سے سٹریٹ لائٹس کو ٹھیک کرنے کی فریاد کی تھی تاہم ایک سال سے کوئی توجہ نہیں دی گئی۔