جموں //صوبائی کمشنر جموں سنجیو ورما نے اتوار کے روز یہاں صوبہ کے سرحدی علاقوں میں میںبنکروں کی تعمیر میں ہو ئی پیش رفت کاجائزہ لینے اور صوبہ کے دیگر مسائل کی جانکاری حاصل کرنے کے لئے سرحدی اضلاع کے ضلع ترقیاتی کمشنروں کے ساتھ ایک اجلاس کا اہتمام کیا ۔اجلاس میں آئی جی بی ایس ایف ،ایس ایس پی جموں ، اے ڈی سی ، اے ڈی ڈی سی جموں ،محکمہ تعمیرات عامہ کے انجینئروں کے علاوہ سی آر پی ایف اور متعلقہ محکموں کے سینئر عہدہ داروںنے شرکت کی جبکہ کٹھوعہ، سانبہ، راجوری اور پونچھ اضلاع کے ضلع ترقیاتی کمشنروںنے بذریعہ ویڈیو کانفرنسنگ اجلاس میں شرکت کی۔ڈپٹی کمشنروں نے صوبائی کمشنر کو اپنے اپنے اضلاع میں انفرادی اور کیمونٹی زیر تعمیر بنکروں پر ہورہی تعمیرکی جانکاری دی ۔انہوںنے صوبائی کمشنر کی نوٹس میں یہ بات لائی کہ بعض دیہات کو بینکروں کی تعمیر میں چھوڑا گیا ہے، جن کے لئے ایڈیشنل بنکروں کی ضرورت ہے ۔اجلاس میں یہ بھی بتایا گیا کہ سرحدی پولیس پوسٹوں پر بھی ایڈیشنل بنکروں کی تعمیر کی ضرورت ہے ۔ جس پر صوبائی کمشنر نے ڈی سیز کو ایڈیشنل بنکروں کی تعمیر کے لئے تجویز معہ دیگر تفصیلات اور تخمینہ لاگت کی رپورٹ بھیجنے کو کہا ،تاکہ اس سلسلہ میں مزید کارروائی کی جائے۔ سرحدوں کے نزدیک سکول احاطوں ، ہسپتالوں و دیگر عوامی مقامات پر بنکروں کی ضرورت سے متعلق تفصیلی بحث کی گئی۔اجلاس میں کسانوںکے مسائل ، بی ایس ایف/ سی آر پی ایف ،فوج کی جانب سے اراضی حصول کے معامالات پر بھی غور وخوض کیا گیا ۔