عظمیٰ نیوزسروس
ادھم پور//ڈویژنل کمشنر جموں، رمیش کمار نے تھراڈ کے مقام پر قومی شاہراہ کے تباہ شدہ حصے کا ایک وسیع دورہ کیا تاکہ بحالی کے جاری کاموں کی رفتار اور ٹریفک کی نقل و حرکت کے ضابطوں کا جائزہ لیا جا سکے۔انکے ساتھ آئی جی پی ٹریفک، ریجنل آفیسر این ایچ اے آئی، ایس ایس پی ادھم پور، ایس ایس پی ٹریفک قومی شاہراہ، ایڈیشنل ڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کمشنر کے ساتھ سول انتظامیہ، پولیس اور این ایچ اے آئی کے دیگر افسران بھی تھے۔دورے کے دوران، ڈویژنل کمشنر نے بحالی کے کاموں کی پیش رفت کا جائزہ لیا، جس میں سڑک کو چوڑا کرنا، واٹر باؤنڈ میکڈم بچھانا، گاڑیوں کی ہموار آمدورفت کے لیے ایک اضافی لین کی تعمیر اور قومی شاہراہ کی دوسری ٹیوب کی بحالی شامل ہے۔ انہیں سڑک پر موجودہ سنگل لین ٹریفک مینجمنٹ کے بارے میں بھی آگاہ کیا گیا۔صوبائی کمشنرنے ذاتی طور پر ٹریفک کی نقل و حرکت کی نگرانی کی اور این ایچ اے آئی حکام کو ہدایت کی کہ وہ مسافروں اور عام لوگوں کی سہولت کے لیے بحالی کے عمل کو تیز کریں۔ انہوں نے قومی شاہراہ پر روزانہ گاڑیوں کے بہاؤ کے بارے میں دریافت کیا اور متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ گاڑیوں کے آسانی سے گزرنے کو یقینی بنانے کے لیے پتھر وںسے بھر کر اضافی لین بنائیں۔انہوںنے NHAI کو ہدایت کی کہ وہ 300 میٹر کے متاثرہ حصے کو ترجیحی بنیادوں پر بحال کرنے اور روزانہ کی بنیاد پر ٹریفک کے بلاتعطل بہاؤ کو برقرار رکھنے کے لیے اپنی کوششوں کو دوگنا کرے۔ انہوں نے محکمہ ٹریفک سے بھی کہا کہ وہ قومی شاہراہ پر ٹریفک کی نقل و حرکت کو سختی سے منظم کرے۔ انہوں نے ایگزیکیوٹنگ ایجنسیوں کو مزید ہدایت کی کہ وہ کام کی بروقت تکمیل کو یقینی بنانے کے لیے مناسب افراد اور مشینری کو متحرک کریں۔