سرینگر//شہر کے نواحی علاقے صنعت نگر میں منگل شام کو نامعلوم عسکریت پسندوں نے نیم فوجی دستے سی آر پی ایف کی کانوائے کو نشانہ بنا کر گولیاں چلائی،تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔صنعت نگر میں اس وقت افراتفری کا ماحول پیدا ہوا،اور راہگیر و دکاندار محفوظ مقامات کی طرف فرار ہونے لگے،جب نا معلوم افراد نے سی آر پی ایف کی کانوئے کو نشانہ بنایا۔اس موقعہ پر فورسز اہلکاروں نے بھی جوابی گولیاں چلائیں،جس کی وجہ سے خوف و ہراس کا ماحول پیدا ہوا۔سی آر پی ایف ترجمان راجیش یادو نے نیم فوجی دستوں پر حملے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ موٹرسائکل پر سوار جنگجوئوں نے29بٹالین کیCکمپنی کی گاڑی کو نشانہ بناتے ہوئے گولیاں چلائیں۔یادو نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا’’ سیول سیکریٹریٹ میں تعینات سی آر پی ایف کی29بٹالین کیCکمپنی سے وابستہ گاڑی صنعت نگر واپس آرہی تھی کہ موٹر سائیکل پر سوار2جنگجوئوں نے حملہ کیا،تاہم اس حملے میں سی آر پی ایف کو کوئی بھی نقصان نہیں پہنچا‘‘۔ انہوں نے کہا کہ فورسز کی جوابی فائرینگ میں ممکنہ طور پر ایک جنگجو زخمی ہوا،جس کے بعد فورسز نے نواحی علاقوں میں تلاشی کاروائی شروع کی۔